اسحاق ڈار کا نئے علاقائی سکیورٹی نظام پر زور، پاکستان امریکا، ایران مذاکرات کے لیے کوشاں
- مکہ دفاعی معاہدے کو علاقائی سکیورٹی نظام کی ممکنہ بنیاد قرار دیا
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نئے علاقائی سکیورٹی نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسلام آباد میں یورونیوز کے پروگرام ’ورلڈ کنورسیشن‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے کے ممالک کو پائیدار امن یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی طریقۂ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، جس میں علاقائی تنازعات کے عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے وسیع تر اثرات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک ایک ایسے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے یورپی ممالک سے رابطے میں ہیں جو خطے سے باہر بھی امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکے۔
اسحاق ڈار نے اگست میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو نئے علاقائی سکیورٹی نظام کی تشکیل کے لیے ممکنہ نقطۂ آغاز قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور اس سے خطے کے ساتھ ساتھ عالمی شراکت داروں کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی مجوزہ سکیورٹی نظام سے متعلق بات چیت میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ اٹلی نے بھی اس مکالمے میں شرکت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پاکستان کی ثالثی کی کوششیں
واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی کوششوں پر بات کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں ترک نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دونوں فریقوں کو مفاہمت کی یادداشت کا احترام کرنے اور اس پر عمل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسحاق ڈار نے جون میں امریکا اور ایران کو ایک معاہدے تک پہنچانے میں پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی اجاگر کیا۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اختلافات دور کرنے اور خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کا واحد راستہ بات چیت اور سفارت کاری ہے۔
انہوں نے کثیرالجہتی نظام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مختلف بلاکس کی بنیاد پر یا یکطرفہ طور پر اختیار کیے جانے والے طریقے مؤثر ثابت نہیں ہوں گے۔
سندھ طاس معاہدہ اور کشمیر
بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا احترام کیا جانا چاہیے اور بھارت اسے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں کیے گئے بھارتی اقدامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے پاکستان کا موقف دہرایا کہ اس علاقے کے عوام کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔




















Comments