پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد بیان کو میں مسترد کردیا
- اس طرح کے الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے غیر سفارتی اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔ پاکستان نے نئی دہلی پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کی سرپرستی کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کے الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں اور اسی اجلاس کے دوران پاکستانی نمائندے نے ان کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔ ان کے بقول بھارت کی جانب سے اس نوعیت کی الزام تراشی اس کا معمول ہے جسے یکسر مسترد کیا جانا چاہیے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کی آبی دہشت گردی سے متعلق جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے نئی دہلی نے پاکستان کے اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے بھارت کی مخالفت بھی واضح ہے جس کا اظہار پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی اس کی مسلسل کوششوں سے ہوتا ہے۔
پاکستان متعدد بار شواہد کے ساتھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کی بھارتی سرپرستی اور معاونت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرچکا ہے۔ بیان کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد ترقیاتی عمل میں رکاوٹ ڈالنا اور مقامی آبادی کو ان کے قدرتی وسائل کے ثمرات سے محروم رکھنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذہبی انتہا پسند حکومت کی قیادت میں بھارت کا ہندوتوا سے متاثرہ انتہا پسندی اور فسطائیت پر مبنی ریاستی نظام کی طرف مسلسل بڑھتا رجحان کسی سے ڈھکا چھپا نہیں
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے حقائق خود سب کچھ واضح کر دیتے ہیں۔ 31 اگست 2026 کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا کہ معاہدہ بدستور پابند اور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور اسے یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار معاہدوں کی پاسداری اور بین الاقوامی قانون سے اس کی وابستگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے فورم کو جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے بھارت کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، جہاں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہی ہیں۔




















Comments