25 وفاقی اداروں میں بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی
- رپورٹ میں سرکاری فنڈز کے غلط استعمال اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے تقریباً 400 اصلاحی اقدامات تجویز
وفاقی حکومت نے پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کی ایک جائزہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں 25 وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے خدشات اور انتظامی ناکامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں سرکاری فنڈز کے غلط استعمال اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے تقریباً 400 اصلاحی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بدعنوانی کے خطرات کا قومی جائزہ کے عنوان سے یہ رپورٹ پیش کی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ویڈیو لنک کے ذریعے رپورٹ کے نتائج کی وضاحت کی۔
وزارت قانون کی جانب سے دیگر محکموں کے اشتراک سے تیار کی گئی اس رپورٹ میں آڈٹ نتائج، تحقیقاتی اداروں کی معلومات اور ریگولیٹری جائزوں کی بنیاد پر 300 سے زائد اشاریوں کے تحت 25 اداروں کا جائزہ لیا گیاجبکہ 10 اداروں بالخصوص مالیاتی لین دین کرنے والے اداروں کی کڑی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ یہ جائزہ آئی ایم ایف کے گورننس اصلاحاتی پروگرام کے ٹارگٹ 11 کے تحت مکمل کیا گیا اور اسے حکومت کی جانب سے خود احتسابی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ رپورٹ کسی فرد یا ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ ایک اصلاحاتی دستاویز ہے جس کا مقصد شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں اندرونی کنٹرول، چیکس اینڈ بیلنسز اور صوابدیدی اختیارات کی گنجائش میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی گئی جو مالی نقصانات کا باعث بن سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر مالیاتی لین دین کرنے والے اداروں میں بدعنوانی کے خطرات نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے انسانی مداخلت کو کم کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کردہ اس رپورٹ کو بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا اور یہی طریقہ کار صوبوں کو بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی اور تیسرے فریق کی تصدیق (تھرڈ پارٹی ویریفکیشن) کے ذریعے ٹیکس چوری اور کم آمدنی ظاہر کرنے کے رجحان پر قابو پا کر 100 ارب سے 150 ارب روپے تک کا اضافی ٹیکس ریونیو اکٹھا کیا گیا ہے۔
چینی، تمباکو، سیمنٹ اور ٹائلز کے شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس اور پیداوار کی نگرانی کا نظام پہلے ہی نافذ ہے جبکہ مشروبات (بیوریجز) کے شعبے میں بھی اس کا نفاذ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کا دائرہ کار ٹیکسٹائل، لوہا و اسٹیل، کاغذ و گتہ (پیپر اینڈ بورڈ) اور ہیچریوں تک بڑھایا جائے گا، ان نظاموں کا مقصد پیداوار کو کم ظاہر کرنے کے عمل کو روکنا اور کمپنیوں اور ایف بی آر کے حکام کے درمیان گٹھ جوڑ کو محدود کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیس لیس کسٹمز کلیئرنس نظام نے درآمد کنندگان اور اسیسمنٹ افسران (اپریزرز) کے درمیان براہِ راست رابطے کو ختم کر دیا ہے اور انکم ٹیکس آڈٹ اور تشخیص کے لیے بھی اسی طرح کا طریقہ کار تیار کیا جارہا ہے جس میں ڈیٹا اینالیٹکس اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے انفرادی صوابدید کو کم کرنے کی توقع ہے۔ ٹھیکیداروں، شہریوں، سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو کی جانے والی ادائیگیوں کو بھی ڈیجیٹل بنایا جارہا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایف بی آر اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ چار برسوں کے دوران مجموعی ٹیکس وصولی 9,400 ارب روپے سے بڑھ کر 13,000 ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے 3.5 کھرب روپے کی بچت متوقع ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کی اصلاحات کے حصے کے طور پر اوپن اور مسابقتی نیلامی کے ذریعے مکمل ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتائج آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے۔
رائٹ سائزنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے غیر ضروری اور ناقص کارکردگی دکھانے والے محکموں کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کو بند کرنے کا فیصلہ اسی کوشش کا حصہ ہے، اور اس کے ملازمین کے لیے ایک پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔




















Comments