شرحِ سود میں اضافے کے خدشات، سونا 14 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب برقرار
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت معمولی تبدیلی کے ساتھ 3,722.84 ڈالر فی اونس رہی
سونے کی قیمت جمعرات کو 14 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہی۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کی توقعات نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا جبکہ سرمایہ کار پالیسی سے متعلق نئے اشارے حاصل کرنے کیلئے مرکزی بینک کے عہدیداروں کے بیانات کے منتظر رہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت معمولی تبدیلی کے ساتھ 3,722.84 ڈالر فی اونس رہی جب کہ کاروباری سیشن کے آغاز میں یہ 3,693.13 ڈالر فی اونس تک گرگئی تھی جو ستمبر 2025 کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے۔
دوسری جانب دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 3,723.90 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
گلوبل میکرو کے سربراہ الیا سپیواک نے کہا کہ گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں انتہائی شدید گراوٹ کے بعد آج کاروباری سیشن کے آغاز میں ہمیں قیمتوں میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی تھی لیکن اب ایک بار پھر فروخت کا دباؤ بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے۔
ادھر امریکی ڈالر کی قدر 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہی جس کے باعث ڈالر میں قیمت لگائے جانے والے سونے کی خریداری بیرونِ ملک خریداروں کیلئے مزید مہنگی ہوگئی۔
بدھ کو جاری ہونے والی امریکی فیڈرل ریزرو کے 27 اور 28 اکتوبر کے اجلاس کی کارروائی (منٹٹس) سے ظاہر ہوا کہ گزشتہ ماہ فیڈ حکام کے اس خدشے میں اضافہ ہوا تھا کہ انہیں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرنا پڑ سکتی ہیں، تاہم انہوں نے فی الحال شرحِ سود کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
فیڈرل ریزرو کے گورنر مائیکل بار نے کہا کہ وہ ایسی معیشت میں سخت مانیٹری پالیسی کی حمایت کر سکتے ہیں جہاں اب بھی مہنگائی کے دباؤ کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ فیڈ گورنر کرسٹوفر والر نے کہا کہ امریکی مرکزی بینک کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے زیادہ سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ کو توقع ہے کہ دسمبر میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں 25 بیسس پوائنٹس اضافے کا امکان 90 فیصد ہے جبکہ شرحِ سود میں 50 بیسس پوائنٹس کے بڑے اضافے کا امکان 10 فیصد لگایا جا رہا ہے۔
شرحِ سود میں اضافہ ایسی سونے کی سرمایہ کاری کی موقعی لاگت بڑھا دیتا ہے جس سے کوئی منافع یا سود حاصل نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے لیے سونے کی کشش کم ہوجاتی ہے۔
او سی بی سی کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں کہا کہ 3,800 ڈالر فی اونس کی سطح سے نیچے قیمت آنے سے مارکیٹ میں مندی کے رجحان کو مزید تقویت ملنے کا خدشہ ہے۔
سونے کی خریداری میں دلچسپی بدستور کم ہے جبکہ قیمتوں میں مسلسل کمی سے مزید بڑے پیمانے پر فروخت کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
دریں اثنا، ورلڈ پلاٹینم انویسٹمنٹ کونسل نے بدھ کو کہا کہ عالمی پلاٹینم مارکیٹ آئندہ سال دوبارہ خسارے (سپلائی کی کمی) کا شکار ہوجائے گی جس کی بنیادی وجوہات پلاٹینم کی سلاخوں اور سکوں کی بڑھتی ہوئی طلب اور پلاٹینم سے منسلک ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز سے سرمایہ کاری کے اخراج میں کمی ہوں گی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 45.14 ڈالر فی اونس ہو گئی جبکہ پلاٹینم کی قیمت 1,370.6 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی۔ اسی طرح پلیڈیم کی قیمت بھی 0.4 فیصد اضافے کے بعد 952.15 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔
























Comments