پیپلزپارٹی کا حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا عندیہ، تحفظات نہ سنے گئے تو اپوزیشن میں بیٹھ سکتے ہیں، بلاول بھٹو
- ملک کا نظام حکمرانی خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔ نئے صوبے بنانے سے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عندیہ دیا ہے کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں قائم حکومت نے اتحادی جماعتوں کے مؤقف اور تحفظات سننے سے گریز کیا تو پیپلزپارٹی حکومتی نشستیں چھوڑ کر اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ سکتی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام فیصلہ آپ کا میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیانات کا دفاع کیا اور کہا کہ انہوں نے سچ بات کی ہے۔ حکومت کے نمائندوں کو اختلافی آرا سننے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ایک بار پھر سیاسی اور جمہوری نظام میں نئی شروعات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے بجائے سیاسی قیادت کو عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا نظام حکمرانی خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔ نئے صوبے بنانے سے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کے بجائے ریاستی اداروں کی ساکھ بحال کرنے اور غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے کسی غیر آئینی اقدام یا ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے سے سنگین بدامنی پیدا ہوسکتی ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ کشیدگی، افغانستان کے ساتھ جنگ جیسی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت بیک وقت تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور دیگر سیاسی جماعتوں سے محاذ آرائی کررہی ہے تو ملک کو معاشی بحران سے کون نکالے گا؟
بلاول نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث کس نے شروع کی، کیونکہ وزیراعظم، کسی وفاقی وزیر یا صدر آصف علی زرداری نے اس معاملے پر ان سے مشاورت نہیں کی۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ملک کے سیاسی نظام اور صوبوں کی تقسیم کا فیصلہ کریں؟
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی احتجاج کی کال نہیں دے رہی بلکہ اپنے ووٹرز کے تحفظات سامنے رکھ رہی ہے۔ حکومت اگر ان کی بات نہیں سنے گی تو عام شہریوں کی شکایات وزیراعظم اور پارلیمنٹ تک کیسے پہنچیں گی؟
























Comments