بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دو کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک، سرکاری میڈیا
- بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جو قومی سلامتی اور امن کے قیام کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان نے ہفتے کے روز سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ دوسری کارروائی میں مزید 10 دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو بھی دہشت گردوں سے پاک کر دیا۔
ذرائع نے کہا، ’’سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔‘‘
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہفتے کے روز آپریشن ردالفتنہ-3 کے تحت بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دو کامیاب کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، شہباز شریف نے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرأت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے کہا، ’’پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔‘‘




















Comments