ریاض پر حوثی حملے، سپلائی متاثر ہونے کے خدشات پر خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
- برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 24 سینٹ یا 0.3 فیصد اضافے سے 92.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے
عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، تاہم دونوں اہم بینچ مارکس مسلسل تیسرے ہفتے کمی کی جانب گامزن ہیں۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثی حملوں اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات کے بعد سپلائی میں ممکنہ تعطل کے خدشات بڑھ گئے۔
عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودے 24 سینٹ یا 0.3 فیصد اضافے سے 92.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے دسمبر کے سودے 19 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے سے 83.40 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔ جنوری کے زیادہ فعال سودوں میں بھی 20 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت 82.64 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
تاہم ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ کی قیمت میں 3.5 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کے دسمبر کے سودوں میں 6 فیصد کمی متوقع ہے۔ دونوں قیمتیں مسلسل تیسرے ہفتے گراوٹ کا شکار ہونے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل کا جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب بحال ہونا اور عالمی منڈی میں سپلائی اضافے کے خدشات ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ریاض پر حوثی حملوں نے مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کے حوالے سے خدشات دوبارہ بڑھا دیے ہیں۔ دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں سے آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
اوپیک پلس کے وزرائے توانائی 29 نومبر کو اجلاسوں میں 2027 کے پیداواری لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ ادھر یوکرین کے ڈرون حملوں کے باعث روسی آئل ریفائنریز کی مجموعی خام تیل پراسیسنگ اکتوبر کے آخر سے 45 فیصد کم ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے عالمی سپلائی پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔

























Comments