ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری جاری
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.51 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید تگڑا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.51 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 276.52 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو امریکی ڈالر 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا جبکہ گزشتہ 8 کاروباری سیشنز کے دوران اس کی قدر میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈالر انڈیکس 103.9 کی سطح کے قریب رہا جو اپریل 2025 کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے جبکہ مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافے کی جانب گامزن ہے۔
امریکا میں توقعات سے زیادہ مہنگائی کے اعدادوشمار کے بعد فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات مضبوط ہوئے ہیں۔ مارکیٹ میں دسمبر کے دوران شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب جاپانی ین ڈالر کے مقابلے میں 0.1 فیصد اضافے سے 159.50 پر آگیا۔ جاپان میں اکتوبر کے دوران بنیادی مہنگائی کی سالانہ شرح 2.2 فیصد رہی، جو مسلسل دوسرے ماہ مرکزی بینک کے 2 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔
برطانوی پاؤنڈ 1.3094 ڈالر پر رہا، جو ایک سال کی کم ترین سطح کے قریب ہے، جبکہ یورو 1.0972 ڈالر پر آگیا۔ آسٹریلوی ڈالر بھی ایک سال کی کم ترین سطح 0.66476 ڈالر کے قریب رہا۔
ادھر چینی یوآن کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی، جبکہ چین نے نومبر میں مسلسل 18ویں ماہ اہم قرضوں کی شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

























Comments