سردیوں میں گیس کی فراہمی کیلئے 16 ایل این جی کارگوز درآمد کرنے کا منصوبہ تیار
- قطر کے ساتھ موجودہ طویل مدتی معاہدوں کے تحت ایل این جی حاصل کی جائے گی
پیٹرولیم ڈویژن نے نومبر سے فروری 2027 کے دوران ملک میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 16 ایل این جی کارگوز درآمد کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس مقصد کے لیے قطر کے ساتھ موجودہ طویل مدتی معاہدوں کے تحت ایل این جی حاصل کی جائے گی، جبکہ باقی سپلائی کی کمی عمان، امریکا اور آذربائیجان کی کمپنی سوکار کے ساتھ مختصر مدتی انتظامات کے ذریعے پوری کی جائے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم سیکریٹری حامد یعقوب شیخ اور وزارت پیٹرولیم کے ترجمان ظفر عباس کے ہمراہ بدھ کو صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران تیل اور گیس کے شعبے میں ہونے والی تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزارت پیٹرولیم کے ترجمان ظفر عباس کے مطابق نومبر کی گیس کی طلب مکمل طور پر پوری کرنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں، جبکہ دسمبر کے لیے درکار چار ایل این جی کارگوز میں سے تین کا انتظام بھی حتمی شکل اختیار کرچکا ہے۔ جنوری کے لیے درکار چھ کارگوز میں سے ایک کا انتظام کرلیا گیا ہے، جبکہ باقی کارگوز کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گیس کے شعبے میں اصلاحات اور بڑھتے ہوئے گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے ترجمان نے بتایا کہ خصوصی مشیر مقرر کیے گئے ہیں، جو بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کی قیادت کریں گے۔ ابتدائی طور پر کمرشل گیس سیکٹر اور ریگولیٹڈ گیس سیکٹر کو الگ کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی نجکاری کے بعد کے نظام کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔
ان کے مطابق گردشی قرضے کے خاتمے اور کراس سبسڈی کی ازسرنو تشکیل سے متعلق اہم معاملات پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بھی اتفاق رائے پیدا کیا گیا ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ منتقلی کے منصوبے پر 2027 کے اختتام تک مکمل عمل درآمد کرلیا جائے۔
وزیر پیٹرولیم نے سفارتی اور اقتصادی روابط کے حوالے سے بتایا کہ ایل پی جی اور ایل این جی کے شعبوں میں تعاون کو باضابطہ شکل دینے کے لیے عمان کے اعلیٰ سطحی دورے متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بڑے ترک جہاز کی بندرگاہ پر آمد کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حب آئل سٹی منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔ اس حوالے سے ٹیکنیپ انرجیز اپنی تحقیق مکمل کرچکی ہے، جبکہ منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک نئی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
دریں اثنا، پیٹرولیم ڈویژن کے ایک بیان کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے شعبے میں حکومتی ڈی ریگولیشن پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) نے ریکارڈ 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی درآمد کی ہے، جو اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کھیپ ہے اور اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ پر لنگر انداز ہوئی۔
یہ کھیپ نئی ایل پی جی پالیسی کے تحت پہلی بڑی درآمد ہے، جس کا مقصد عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے نظام میں تبدیلی کی ہے، تاکہ سرکاری ادارے ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ اس سے قبل ضابطہ جاتی رکاوٹوں کے باعث نجی شعبے کی باقاعدہ کمپنیاں درآمدی لاگت پوری نہ کر پانے کی وجہ سے درآمدات سے دستبردار ہوگئی تھیں۔
حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کریں اور بالخصوص موسم سرما میں ملک کی سپلائی چین کو مضبوط بنائیں۔ ایل پی جی کی اضافی درآمد سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے، سپلائی کی قلت کم ہونے اور رسد میں اضافے کے باعث قیمتوں میں کمی آنے کی توقع ہے۔ اس سے پہاڑی، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی خصوصاً سردیوں کے عروج کے موسم میں ایل پی جی کی فراہمی بہتر ہوگی۔
اس کھیپ کی آمد کے موقع پر پورٹ قاسم پر استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مسعود تھے۔ تقریب میں ایس ایس جی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر جواد علی خان، اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ایل پی جی) سرمد اسلم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مسعود نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم نے عوام کو ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق ریکارڈ کھیپ کی آمد ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے ملک کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے ایس ایس جی سی ایل کے ایم ڈی کو اس کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔
ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی پالیسی اقدامات سے اس شعبے میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا ہوئے ہیں، جو درست سمت میں ایک قدم ہے۔
اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم نے کہا کہ حکومت کی کوششیں ثمر آور ثابت ہورہی ہیں اور ان اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں تبدیلی آئے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026
























Comments