پاکستان نے ’فتح-3‘ سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، آئی ایس پی آر
- فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق، جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ’فتح-3‘ سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی اور کاری ضرب کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی نے بدھ کے روز ’فتح-3‘ (Fatah-3) سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، جو ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ میزائل جدید ترین نیویگیشن اور پروپلشن (حرکی) نظاموں سے لیس ہے۔ یہ سپر سونک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی اور کاری ضرب کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فتح-3‘ میزائل سے پاک فوج کی ’راکٹ فورس کمانڈ‘ کی آپریشنل لچک اور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ملک کی روایتی ڈیٹرنس اور دفاعی قوت مزید مستحکم ہوگی۔
اس تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاکستان مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، نیز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیاب تجربے میں شامل ٹیموں کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے ان تمام افراد کی لگن اور عزم کو بھی سراہا جنہوں نے ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کیا۔






















Comments