امریکی ذخائر میں اضافہ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا
- برینٹ خام تیل کی قیمت 16 سینٹ یا 0.17 فیصد کمی سے 92.98 ڈالر فی بیرل ہوگئی
عالمی مارکیٹ میں بدھ کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بنیادی وجہ گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافہ ہے، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری حملوں اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کے خدشات نے قیمتوں میں کمی محدود رکھی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کو 1 بج کر 49 منٹ جی ایم ٹی پر امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے 56 سینٹ یا 0.65 فیصد کمی کے بعد 85.45 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 16 سینٹ یا 0.17 فیصد کمی سے 92.98 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
مارکیٹ ذرائع نے امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا میں خام تیل کے ذخائر 52 لاکھ 80 ہزار بیرل بڑھ گئے۔ اسی دوران پیٹرول کے ذخائر میں 51 لاکھ 20 ہزار بیرل جبکہ ڈسٹلیٹ ایندھن کے ذخائر میں 3 لاکھ 51 ہزار بیرل کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے نے تیل کی قیمتوں کو سہارا دیا۔ بحرین کی دفاعی فورس نے بدھ کو ایرانی فضائی حملوں کو روکنے کا دعویٰ کیا۔ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔
اس سے قبل ایران کے ڈرون حملے میں بحرین میں امریکی فوجی ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا، جس کے جواب میں امریکا نے ایران کے جزیرے قشم پر میزائل لانچنگ سائٹ پر حملے کیے۔
آبنائے ہرمز میں بھی بحری جہازوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ پیر کو عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایک ایل پی جی ٹینکر کو بھی نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے باعث عملے کو جہاز خالی کرنا پڑا۔
ادھر یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کی مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کے دو پمپنگ اسٹیشنز پر پانچ ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی عرب اس پائپ لائن کے ذریعے آبنائے ہرمز سے گریز کرتے ہوئے ینبع بندرگاہ تک تیل پہنچا کر برآمد کرتا ہے۔



















Comments