پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 3، 3 روپے فی لیٹر کمی
- نئی قیمتوں کا اطلاق 19 نومبر 2026ء کیلئے ہوگا
حکومتِ پاکستان نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں 3، 3 روپے فی لیٹر کمی کردی، جس کے بعد ان کے نرخ بالترتیب 322 روپے اور 355 روپے فی لیٹر ہوگئے ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بدھ کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اعلان کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کے منظور کردہ پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق 19 نومبر 2026ء کیلئے ہوگا۔
حکومت نے منگل کے روز پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے اسے 325 روپے فی لیٹر کردیا تھا، جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی تھی۔
عالمی منڈی میں بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ گئے، جس سے عالمی منڈی میں رسد ضرورت سے تجاوز کرنے کے خدشات مزید تقویت اختیار کرگئے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.12 ڈالر یا 1.2 فیصد کمی کے بعد صبح 10 بج کر 46 منٹ (امریکی مشرقی وقت) تک 92.02 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.63 ڈالر یا 1.9 فیصد گر کر 84.38 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت اس دوران اگست کے اواخر کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بھی پہنچ گئی۔
























Comments