BR100 Decreased By (-0.71%)
BR30 Decreased By (-0.24%)
KSE100 Decreased By (-0.69%)
KSE30 Decreased By (-0.69%)
BAFL 59.68 Decreased By ▼ -1.28 (-2.1%)
BIPL 24.43 Increased By ▲ 0.11 (0.45%)
BOP 31.41 Decreased By ▼ -0.04 (-0.13%)
CNERGY 11.90 Increased By ▲ 0.45 (3.93%)
DFML 17.60 Increased By ▲ 0.81 (4.82%)
DGKC 200.96 Decreased By ▼ -0.03 (-0.01%)
FABL 93.30 Decreased By ▼ -1.94 (-2.04%)
FCCL 59.49 Decreased By ▼ -0.33 (-0.55%)
FFL 14.35 Decreased By ▼ -0.18 (-1.24%)
GGL 19.79 Decreased By ▼ -0.17 (-0.85%)
HBL 304.13 Decreased By ▼ -3.08 (-1%)
HUBC 206.04 Decreased By ▼ -1.34 (-0.65%)
HUMNL 7.99 Decreased By ▼ -0.16 (-1.96%)
KEL 6.20 Decreased By ▼ -0.09 (-1.43%)
LOTCHEM 24.55 Decreased By ▼ -0.10 (-0.41%)
MLCF 103.71 Decreased By ▼ -1.42 (-1.35%)
OGDC 312.73 Decreased By ▼ -1.31 (-0.42%)
PAEL 34.88 Decreased By ▼ -0.73 (-2.05%)
PIBTL 13.87 Decreased By ▼ -0.13 (-0.93%)
PIOC 271.64 Decreased By ▼ -3.39 (-1.23%)
PPL 222.87 Decreased By ▼ -0.88 (-0.39%)
PRL 82.36 Increased By ▲ 2.85 (3.58%)
SNGP 94.75 Increased By ▲ 0.29 (0.31%)
SSGC 23.51 Decreased By ▼ -0.09 (-0.38%)
TELE 7.35 Decreased By ▼ -0.06 (-0.81%)
TPLP 12.75 Decreased By ▼ -0.13 (-1.01%)
TRG 52.99 Decreased By ▼ -0.21 (-0.39%)
UNITY 8.48 Decreased By ▼ -0.28 (-3.2%)
WTL 1.31 No Change ▼ 0.00 (0%)
کاروبار اور معیشت

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان کی آم کی برآمدات 36 فیصد کم ہوکر 78 ہزار ٹن رہ گئیں

  • مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی منڈیوں میں ترسیلات متاثر، برآمدی آمدن 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 5 کروڑ 85 لاکھ ڈالر رہ گئی؛ خلیجی ممالک کو برآمدات میں نمایاں کمی
شائع اپ ڈیٹ

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کی آم کی برآمدات رواں سیزن کے دوران 36 فیصد کمی کے بعد 78 ہزار ٹن رہ گئیں، جو 80 ہزار ٹن کے سرکاری ہدف سے بھی کم ہیں، جبکہ اس کے نتیجے میں زرمبادلہ کی آمدن میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے سرپرستِ اعلیٰ وحید احمد کے مطابق، آم کی برآمدات یکم جون سے شروع کرنے کے فیصلے نے ملک کو تقریباً مقررہ ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ رواں سیزن کے دوران آم کی برآمدات سے پاکستان نے 5 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا۔

گزشتہ سیزن کے دوران پاکستان نے ایک لاکھ 23 ہزار ٹن آم برآمد کیے تھے، جن سے 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اس طرح مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث برآمدات کے حجم میں 45 ہزار ٹن جبکہ برآمدی آمدن میں 3 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

وحید احمد نے کہا کہ خلیجی ممالک، بالخصوص متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو پاکستان کی آم کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ مال برداری کے اخراجات میں اضافے سے برآمدی لاگت بڑھ گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نے اہم برآمدی منڈیوں میں طلب کو بھی محدود کردیا، جس کے نتیجے میں مجموعی برآمدات متاثر ہوئیں۔

افغانستان اور وسطی ایشیائی منڈیوں کو برآمدات بھی سرحد پار تجارت کی مسلسل معطلی کے باعث متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے تعاون، بالخصوص آم کی برآمدات یکم جون سے شروع کرنے کے فیصلے نے برآمد کنندگان کو مقررہ ہدف کے قریب پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق اگر برآمدات مئی میں شروع کردی جاتیں تو پاکستانی آموں کے معیار سے متعلق شکایات سامنے آتیں، جس کے باعث موجودہ برآمدی حجم کا حصول بھی مشکل ہوجاتا۔

وحید احمد نے بتایا کہ یکم جون سے ستمبر کے اختتام تک جاری رہنے والے برآمدی سیزن کے دوران خلیجی ممالک کو آم کی برآمدات گزشتہ سال کے 36 ہزار ٹن کے مقابلے میں کم ہوکر 14 ہزار 500 ٹن رہ گئیں۔

قطر کو آم کی برآمدات ایک ہزار 900 ٹن سے کم ہوکر 880 ٹن، جبکہ عمان کو ترسیلات 10 ہزار 200 ٹن سے گھٹ کر 8 ہزار 900 ٹن رہ گئیں۔ اسی طرح سعودی عرب کو برآمدات 2 ہزار 30 ٹن کے مقابلے میں کم ہوکر ایک ہزار 460 ٹن رہیں۔ افغانستان کی سرحد بند ہونے سے بھی برآمدات کے حجم میں تقریباً 24 ہزار ٹن کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وحید احمد نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کی آم کی صنعت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کی ممکنہ 18 لاکھ ٹن پیداواری استعداد کے مقابلے میں پیداوار تقریباً 35 فیصد کم ہوگئی ہے۔ کاشت کاروں کو پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کا بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب آم کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ باغات تیزی سے مختلف بیماریوں کی زد میں آرہے ہیں اور ان میں بیماریوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت بھی کمزور پڑ رہی ہے۔

آم کو پاکستان کی قومی شناخت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ آم کے کاشت کاروں کی معاونت کریں اور انہیں جدید زرعی طریقے اپنانے میں مدد دیں تاکہ ملک کی آم کی صنعت کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم ہونے کی صورت میں پاکستان کی آم کی برآمدات دوبارہ سابقہ سطح پر بحال ہوسکتی ہیں۔

Comments

200 حروف