آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود خام تیل کی قیمتیں مستحکم
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 17 سینٹ یا 0.18 فیصد اضافے سے 92.12 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے
عالمی مارکیٹ میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتیں گزشتہ سیشن میں کمی کے بعد مستحکم رہیں، تاہم عالمی سطح پر سپلائی میں اضافے کے خدشات اور امریکی شرح سود بڑھنے کے امکانات نے قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا۔ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر حملوں کے باوجود ایران جنگ سے پیدا ہونے والے خدشات قیمتوں میں اضافے کا سبب نہیں بن سکے۔
جمعرات کو 0237 جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 17 سینٹ یا 0.18 فیصد اضافے سے 92.12 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 9 سینٹ یا 0.11 فیصد کمی سے 83.17 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
گزشتہ سیشن میں برینٹ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 3.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ ڈبلیو ٹی آئی 26 اگست کے بعد کم ترین سطح پر آگیا تھا۔ اس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز سے خام تیل کی ترسیل کا جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب بحال ہونا اور عالمی سپلائی میں ممکنہ اضافے کے خدشات ہیں۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی اکتوبر اجلاس کی کارروائی کی تفصیلات جاری ہونے کے بعد دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات بھی مضبوط ہوئے ہیں۔ زیادہ شرح سود سے معاشی ترقی اور تیل کی طلب متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ڈالر مضبوط ہونے سے دیگر کرنسیوں میں تیل کی خریداری مہنگی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکی خام تیل کے ذخائر 34 لاکھ بیرل اضافے سے 41 کروڑ 78 لاکھ بیرل ہوگئے، جبکہ مارکیٹ کا اندازہ صرف 58 ہزار بیرل اضافے کا تھا۔
تاہم مشرق وسطیٰ میں سپلائی کے خدشات برقرار ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرق میں تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے متاثر ہوکر ناکارہ ہوگئے۔ ادھر یوکرینی ڈرون حملوں کے باعث اکتوبر کے اواخر سے روسی ریفائنریوں میں خام تیل کی مجموعی پراسیسنگ میں 45 فیصد کمی آئی ہے۔
























Comments