رسد میں اضافے کے خدشات، عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہوگیا
- برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 44 سینٹ یا 0.5 فیصد کمی کے بعد 92 ڈالر فی بیرل ہوگئی
عالمی منڈی میں منگل کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں بحالی کے باعث رسد میں اضافے اور عالمی طلب کے مقابلے میں ممکنہ اضافی سپلائی کے خدشات ہیں۔ یہ صورتحال خطے میں آئل ٹینکرز پر مسلسل حملوں کے خدشات پر غالب رہی۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 44 سینٹ یا 0.5 فیصد کمی کے بعد 92 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 44 سینٹ یا 0.5 فیصد گر کر 85.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ مارکیٹ میں یہ توقع ہے کہ رسد اب طلب کے برابر ہوچکی ہے اور ممکنہ طور پر اس سے تجاوز بھی کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق رسد اور طلب میں یہی تبدیلی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) نے جمعہ کو کہا تھا کہ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی آئل مارکیٹ میں اضافی رسد متوقع ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ سے برآمدات عالمی طلب کے مقابلے میں تیزی سے بحال ہورہی ہیں۔
تاہم خلیج اور آبنائے ہرمز میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور بحری جہازوں پر حملوں کے باعث غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ واٹرر کے مطابق امریکا اور ایران تنازع سے پیدا ہونے والے جغرافیائی سیاسی خطرات کا اثر فی الحال قیمتوں پر کم ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اوپیک نے پیر کو اراکین کی پائیدار پیداواری صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے آن لائن اجلاس کیا۔ اوپیک پلس 29 نومبر کو 2027 کی پیداواری پالیسی پر فیصلہ کرے گا۔
ادھر امریکی محکمہ توانائی کے مطابق اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو میں خام تیل کے ذخائر گزشتہ ہفتے کم ہوکر 27 کروڑ 64 لاکھ بیرل رہ گئے، جو اگست 1982 کے بعد کم ترین سطح ہے۔ یہ کمی ذخائر سے 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل تیل جاری کرنے کے امریکی معاہدے کا حصہ ہے۔





















Comments