BR100 Increased By (0.04%)
BR30 Increased By (0.49%)
KSE100 Increased By (0.29%)
KSE30 Increased By (0.4%)
BAFL 59.74 Increased By ▲ 0.03 (0.05%)
BIPL 24.40 Increased By ▲ 0.09 (0.37%)
BOP 31.45 Increased By ▲ 0.22 (0.7%)
CNERGY 11.69 Increased By ▲ 0.10 (0.86%)
DFML 15.70 Decreased By ▼ -0.03 (-0.19%)
DGKC 203.18 Decreased By ▼ -3.19 (-1.55%)
FABL 95.90 Decreased By ▼ -0.09 (-0.09%)
FCCL 60.71 Decreased By ▼ -0.83 (-1.35%)
FFL 14.80 Decreased By ▼ -0.22 (-1.46%)
GGL 19.69 No Change ▼ 0.00 (0%)
HBL 311.00 Increased By ▲ 0.35 (0.11%)
HUBC 204.79 Decreased By ▼ -0.54 (-0.26%)
HUMNL 8.60 Increased By ▲ 0.01 (0.12%)
KEL 6.34 Increased By ▲ 0.08 (1.28%)
LOTCHEM 24.70 Increased By ▲ 0.02 (0.08%)
MLCF 103.01 Decreased By ▼ -1.07 (-1.03%)
OGDC 317.00 Increased By ▲ 3.61 (1.15%)
PAEL 35.62 Decreased By ▼ -0.18 (-0.5%)
PIBTL 13.70 Increased By ▲ 0.23 (1.71%)
PIOC 271.30 Increased By ▲ 0.79 (0.29%)
PPL 226.60 Increased By ▲ 4.79 (2.16%)
PRL 80.67 Increased By ▲ 1.59 (2.01%)
SNGP 93.75 Increased By ▲ 0.07 (0.07%)
SSGC 23.78 Decreased By ▼ -0.09 (-0.38%)
TELE 7.57 Increased By ▲ 0.18 (2.44%)
TPLP 12.87 Increased By ▲ 0.36 (2.88%)
TRG 53.32 Decreased By ▼ -0.12 (-0.22%)
UNITY 8.37 Increased By ▲ 0.03 (0.36%)
WTL 1.28 Increased By ▲ 0.03 (2.4%)
رائے

زیادہ مالدار زمینداروں کو نوازنے کی پالیسی

  • اسلام میں عشر کی ادائیگی لازمی ہے، لیکن اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عملی طور پر یہ اختیاری بن چکی ہے, اس کی وجہ قانونی ابہام نہیں بلکہ کھلے اور واضح طبقاتی مفادات ہیں، جنہیں ایک ایسا سیاسی نظام تحفظ فراہم کرتا ہے جو اسلامی احکامات سے مطابقت کے سوالات صرف اسی وقت اٹھاتا ہے جب ایسا کرنا آسان اور کم خرچ ہو، لیکن جب یہی سوالات پریشان کن اور مہنگے ثابت ہوں تو خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کا آئین ایک واضح اور پُرعزم اعلان سے شروع ہوتا ہے ’’اسلام ریاست کا مذہب ہوگا اور قرآن و سنت میں بیان کردہ اسلامی احکامات کے منافی کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔‘‘ آئین کا آرٹیکل 227 ریاست کے ہر ادارے کو اس پابندی کا پابند بناتا ہے۔ اسی طرح آرٹیکل 31 ریاست کو اس بات کا پابند کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے عوام کی اخلاقی اور دینی تربیت کے مؤثر انتظامات کرنے کی کوشش کرے۔

اس کے باوجود اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کئی دہائیوں سے ایک ایسی مالیاتی ذمہ داری کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جس کا حکم صراحت کے ساتھ اسلام میں دیا گیا ہے۔ یہ عشر ہے، یعنی زرعی پیداوار پر دسواں حصہ (بارانی زمین کے بجائے آبپاش زمین کی پیداوار پر بیسواں حصہ) وصول کرنے کی شرعی ادائیگی۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو ریاست اسلام کے نام پر قائم ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، وہ خود اس فریضے کو مسلسل نظرانداز کرتی رہی ہے۔ یہ محض کوئی معمولی انتظامی کوتاہی نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی معیشت سے جڑا ایک اہم اور بنیادی سوال ہے کہ ایک لازمی مذہبی محصول صرف کاغذوں تک محدود کیوں ہے، جبکہ ملک کا سب سے دولت مند اور بااثر طبقہ، یعنی غیر حاضر زمیندار، اس کی ادائیگی سے مکمل طور پر مستثنیٰ کیوں ہے؟

زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980ء کے تحت عشر کو قانونی ذمہ داری قرار دیا گیا تھا۔ اسے رضاکارانہ خیرات کے طور پر متعارف نہیں کرایا گیا تھا بلکہ یہ زرعی پیداوار پر عائد ایک لازمی محصول تھا، جس کی وصولی ریاست کے ذمے تھی اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ انتظامی مشینری بھی قائم کی گئی تھی۔

ایک مختصر عرصے کے لیے وفاقی حکومت نے وزارتِ زکوٰۃ و عشر بھی قائم رکھی۔ اس کا مقصد بالکل واضح تھا کہ ریاست اسلام کے حکم کے مطابق عشر وصول کرے گی۔ پھر آئین (اٹھارہویں ترمیم) ایکٹ 2010ء سامنے آیا، جس پر 9 اپریل 2010ء کو دستخط ہوئے اور اسے 19 اپریل 2010ء سے نافذ کردیا گیا۔ اختیارات کی صوبوں کو منتقلی کے اس بڑے اقدام کے تحت زکوٰۃ و عشر کا معاملہ بھی صوبوں کو منتقل کردیا گیا۔ وفاقی وزارت ختم کردی گئی اور اب قانون سازی، تخمینہ لگانے اور وصولی کی ذمہ داری صوبوں کے سپرد ہوگئی۔

لیکن اس کے بعد جو کچھ ہوا، وہ صوبائی سطح پر جوابدہی کے کسی نئے دور کا آغاز نہیں تھا بلکہ وفاقیت کے نام پر ادارہ جاتی دستبرداری تھی۔

سولہ سال کی خاموشی

2010ء کے بعد کی صورتحال تشویش ناک ہے۔ ملک کے سب سے بڑے زرعی صوبے پنجاب میں امیر زمینداروں نے عشر کی ادائیگی سے کھلے عام انکار کرتے ہوئے اس سے چھوٹ کا مطالبہ کیا۔ 2012ء کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کا مؤقف تھا کہ وہ پہلے ہی زرعی آمدنی پر ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور عشر ریاستی ٹیکس نہیں بلکہ ایک مذہبی فریضہ ہے۔ پہلے سے نافذ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے بجائے صوبائی حکومت نے اس تعطل سے نکلنے کے لیے نئی قانون سازی کا سہارا لینے کی کوشش کی، جو خود اسی کی پیدا کردہ صورتحال کا نتیجہ تھا۔ عشر کی قابلِ ذکر وصولی کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

خیبر پختونخوا کو عشر کی تشخیص اور وصولی کے قواعد وضع کرنے میں سات سال لگ گئے اور بالآخر 2017ء میں یہ قواعد بنائے گئے۔ اس سے قبل عشر کی وصولی کے لیے کوئی عملی انتظامی ڈھانچہ موجود نہیں تھا۔ 2013ء کی ایک رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی تھی کہ صوبہ اب بھی ’’عشر متعارف کرانے کی منصوبہ بندی‘‘ کر رہا تھا۔ سندھ اور بلوچستان کی جانب سے عشر کی وصولی کے اعداد و شمار بھی عوامی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے تو اپنی 2009-10ء کی رپورٹ میں پہلے ہی نشاندہی کردی تھی کہ 1990ء سے ملک بھر میں صوبائی محکمہ جاتِ مال عشر وصول نہیں کر رہے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم بھی اس مسئلے کو حل نہ کرسکی بلکہ اسے پہلے سے منتشر انتظامی ڈھانچے میں مزید گہرائی تک دفن کردیا۔

عوامی سطح پر عشر کی وصولی کے حوالے سے صوبائی سطح پر کوئی جامع جدول دستیاب نہیں۔ یہی عدم دستیابی بذاتِ خود پوری کہانی بیان کرتی ہے کہ جو ریاست الٰہی قانون کے نفاذ کا دعویٰ کرتی ہے، وہ عشر کی وصولی کی ایک مستند رسید بھی پیش کرنے سے قاصر ہے۔

آئینی تضاد

ایک بنیادی سوال ایسا ہے جو پارلیمنٹ، اسلامی نظریاتی کونسل یا وفاقی شرعی عدالت میں سے کوئی بھی پوری شدت کے ساتھ اٹھانے کے لیے تیار نظر نہیں آتا : اگر آئین تمام قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنانے کا پابند کرتا ہے اور عشر ایک دینی فریضہ ہے تو پھر ریاست کی جانب سے اس کی وصولی میں ناکامی کو آئین کی خلاف ورزی کے سوا کیا قرار دیا جاسکتا ہے؟

آئین کا آرٹیکل 227 یہ نہیں کہتا کہ اسلامی احکامات پر عملدرآمد صرف ’’جہاں سہولت ہو‘‘ وہاں کیا جائے۔ اس میں زرعی اشرافیہ کو کوئی استثنا نہیں دیا گیا اور نہ ہی صوبائی حکومتوں کی بے حسی کو جواز بنایا گیا ہے۔ آئین واضح طور پر کہتا ہے کہ کوئی قانون اسلام کے منافی نہیں ہوگا۔ ایسا قانونی ڈھانچہ جو کسی اسلامی محصول کو عملی طور پر ناقابلِ وصول بنا دے، اپنے اثرات کے اعتبار سے اسلام کے منافی ہے، خواہ اس کی تحریری عبارت اسے اختیاری حیثیت ہی کیوں نہ دیتی ہو۔

وفاقی شرعی عدالت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ قوانین کا اسلام سے متصادم ہونے کے حوالے سے جائزہ لے، جبکہ اسلامی نظریاتی کونسل بھی اسی مقصد کے لیے حکومت کو مشورے دینے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اس کے باوجود دونوں اداروں نے عشر کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے کوئی فیصلہ کن اقدام نہیں کیا۔ ان کی خاموشی نہایت معنی خیز اور بہت کچھ ظاہر کرتی ہے۔

فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟ غیر حاضر امیر زمینداروں کو

یہ سوال کہ عشر کے معاملے پر کوئی آواز کیوں نہیں اٹھاتا، اس کا جواب کوئی پراسرار بات نہیں بلکہ طبقاتی طاقت میں پوشیدہ ہے۔ پاکستان کی زرعی معیشت پر بڑے زمینداروں کا غلبہ ہے، جن میں سے بہت سے خود اپنی زمینوں پر موجود نہیں رہتے اور متعدد صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔ اگر عشر صحیح طور پر وصول کیا جائے تو سب سے زیادہ بوجھ انہی پر پڑے گا۔ زرعی پیداوار پر دس فیصد محصول کوئی معمولی رقم نہیں۔ ہزاروں ایکڑ زمین کے مالک اور سیاسی طاقت رکھنے والے جاگیردار کے لیے یہ ایک حقیقی مالی بوجھ ہے۔

یہی بااثر طبقہ صوبائی اسمبلیوں پر بھی حاوی ہے، جہاں عشر کے نفاذ کے لیے قواعد و ضوابط منظور کیے جانے ہیں۔ یہ لوگ زراعت اور مذہبی امور سے متعلق قائمہ کمیٹیوں میں بیٹھتے ہیں اور انہی کا متعلقہ محکمہ ہائے مال پر بھی غیر معمولی اثر و رسوخ ہے، جنہیں عشر کا تخمینہ لگانے اور اسے وصول کرنے کی ذمہ داری ادا کرنا ہوتی ہے۔ یہ لوگ ملک میں ’’اسلامی فلاح و بہبود‘‘ کا بیانیہ تشکیل دینے میں کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ خود ایک مذہبی فریضے کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں۔

جب پنجاب میں زمینداروں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ عشر ریاستی ٹیکس نہیں بلکہ ایک ’’مذہبی فریضہ‘‘ ہے تو درحقیقت وہ ایک نہایت چالاک سیاسی حکمت عملی اختیار کر رہے تھے۔ انہوں نے ایک اجتماعی ریاستی ذمہ داری کو انفرادی ضمیر اور ذاتی مذہبی معاملے میں تبدیل کردیا، جسے خاموشی سے نظرانداز کیا جاسکتا تھا۔ ریاست نے بھی اس مؤقف کو قبول کرلیا اور اس کے بعد قانون پر عملدرآمد کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

زکوٰۃ سے تقابل

اس معاملے میں منافقت اس وقت مزید نمایاں ہوجاتی ہے جب اس کا موازنہ زکوٰۃ سے کیا جائے۔ زکوٰۃ بھی اسلام کا ایک لازمی فریضہ ہے اور اسی 1980ء کے آرڈیننس کے تحت بینک کھاتوں سے براہِ راست منہا کی جاتی ہے۔ اسے وفاقی حکومت وصول کرتی ہے اور صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس نظام میں خامیاں اپنی جگہ، لیکن ریاست اس پر عملدرآمد اس لیے یقینی بناتی ہے کہ اس کی انتظامی وصولی آسان ہے اور اس کا بوجھ شہری بچت رکھنے والوں پر پڑتا ہے، نہ کہ دیہی علاقوں کے امیر زمینداروں پر۔ یہ زمیندار تو پہلے ہی اپنے مذہب اور فقہ کے حوالے سے یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے زکوٰۃ سے بھی مستثنیٰ ہوجاتے ہیں کہ ان کے عقیدے کے مطابق ان پر زکوٰۃ واجب الادا نہیں۔

اس کے برعکس عشر، جس کا براہِ راست اثر زمین دار طبقے پر پڑتا ہے، مکمل طور پر نظرانداز کردیا گیا ہے۔ 1980ء میں ریاست کے پاس وصولی کا انتظامی ڈھانچہ موجود تھا۔ مسئلہ اس نظام کی عدم موجودگی نہیں بلکہ طاقتور طبقے کے خلاف اسے استعمال کرنے کی خواہش کا فقدان تھا۔ 2010ء کی اٹھارہویں آئینی ترمیم نے اس کے لیے بہترین پردہ فراہم کردیا، کیونکہ ذمہ داری ایسے صوبوں کو منتقل کردی گئی جن کے پاس نہ تو ضروری قواعد موجود تھے اور نہ ہی اس پر عملدرآمد کرنے کا کوئی خاص ارادہ تھا۔

وہ سوالات جو لازماً اٹھائے جانے چاہئیں

1. وفاقی شرعی عدالت سے سوال : کیا شریعت پر مبنی محصول کی عدم وصولی بذاتِ خود اپنے عملی اثرات کے اعتبار سے اسلام سے متصادم ہونے کا معاملہ نہیں؟ عدالت نے اب تک ازخود نوٹس کیوں نہیں لیا؟

2. اسلامی نظریاتی کونسل سے سوال: آپ کا کام قوانین اور ریاستی اقدامات کا اسلامی احکامات سے مطابقت کے حوالے سے جائزہ لے کر مشورے دینا ہے۔ عشر کی سولہ سالہ عدم وصولی اور اس سے بچنے کے معاملے پر آپ کی رپورٹ کہاں ہے؟

3. صوبائی اسمبلیوں سے سوال : آپ اسلامی علامتوں اور اقدار کے حوالے سے قراردادیں تو منظور کرتی ہیں، لیکن عشر کی وصولی کے لیے قابلِ عمل اور مؤثر قواعد کیوں نہیں بناتیں؟ پنجاب، سندھ اور بلوچستان عشر کی وصولی کے مستند اعداد و شمار کیوں پیش نہیں کرسکے؟

4. آڈیٹر جنرل سے سوال : 2009-10ء کی رپورٹ میں 1990ء سے عشر کی عدم وصولی کی نشاندہی کے باوجود اب تک عملدرآمد کے حوالے سے کوئی عوامی آڈٹ رپورٹ کیوں جاری نہیں کی گئی؟

5. زمیندار ارکانِ پارلیمنٹ سے سوال : آپ ہر ایوان میں اسلام کا حوالہ دیتے ہیں۔ پھر آپ کا اپنا عشر کہاں ہے؟

نتیجہ: صرف نام کی اسلامی جمہوریہ

جو ریاست شریعت کے واضح حکم کے تحت عائد ہونے والا محصول اس طبقے سے وصول نہیں کرسکتی جو اسے ادا کرنے کی سب سے زیادہ استطاعت رکھتا ہے، لیکن اس کے باوجود اسلام سے آئینی وابستگی کا دعویٰ کرتی ہے، اس نے علامتی اسلام اور حقیقی اسلامی احکامات پر عملدرآمد کے درمیان موجود خلیج کو بے نقاب کردیا ہے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم نے یہ مسئلہ پیدا نہیں کیا بلکہ اسے چھپا دیا۔ عملدرآمد کے بغیر اختیارات کی منتقلی درحقیقت ذمہ داری سے دستبرداری ہے۔ جوابدہی کے بغیر صوبائی خودمختاری کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا ہے۔

اسلام میں عشر کی ادائیگی لازمی ہے، لیکن اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عملی طور پر یہ اختیاری بن چکی ہے۔ اس کی وجہ قانونی ابہام نہیں بلکہ کھلے اور واضح طبقاتی مفادات ہیں، جنہیں ایک ایسا سیاسی نظام تحفظ فراہم کرتا ہے جو اسلامی احکامات سے مطابقت کے سوالات صرف اسی وقت اٹھاتا ہے جب ایسا کرنا آسان اور کم خرچ ہو، لیکن جب یہی سوالات پریشان کن اور مہنگے ثابت ہوں تو خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔

غیر حاضر زمیندار طبقہ نہ عشر (اسلامی محصول) ادا کرتا ہے اور نہ ہی زرعی آمدنی پر ٹیکس (مغربی طرز کا ٹیکس)۔ اس کی قیمت صرف آئین اور غریب عوام کو چکانا پڑتی ہے۔

کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026

Comments

200 حروف