پاکستان اور آسیان کا تجارتی و سرمایہ کاری روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
- نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کا معاملہ بھی اٹھایا
پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے جمعرات کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے دورہ پاکستان کے دوران ہوا، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد کسی آسیان سیکریٹری جنرل کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر کاؤ کم ہورن سے ملاقات کی اور آسیان اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان موجود خیرسگالی کو ٹھوس اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے پاکستان کے اسٹریٹیجک محل وقوع کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک وسیع تر خطے کے لیے تجارتی دروازے کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سے علاقائی روابط، تجارت اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
آسیان کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم کا مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آسیان کے ساتھ قریبی روابط بڑھانے میں اسلام آباد کی دلچسپی کا خیرمقدم بھی کیا۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دورے پر آئے ہوئے مہمان کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔
بعد ازاں مشترکہ پریس گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات میں اقتصادی تعاون کو مرکزی اہمیت حاصل رہی۔
انہوں نے کہا کہ تجارت میں سہولت، بہتر علاقائی روابط اور ڈیجیٹل انضمام کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ہماری توجہ کاروباری اداروں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور دونوں خطوں کی منڈیوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریقوں نے کاروباری وفود کے تبادلوں اور ایوان ہائے تجارت کے درمیان مضبوط روابط کے ذریعے اپنی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسیان پاکستان بزنس کانفرنسز کی بنیاد پر دونوں جانب ایسی شراکت داریوں کے منتظر ہیں جو کاروباری اداروں کو آپس میں جوڑیں، نئی منڈیاں کھولیں اور روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
اسحاق ڈار نے نشاندہی کی کہ پاکستان 1993 سے آسیان کا سب سے پرانا سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل کے دورے کو دونوں فریقوں کے درمیان شراکت داری کو نئی تحریک دینے کا بروقت موقع قرار دیا۔
دونوں جانب سے غیر روایتی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان چیلنجز میں موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹیں اور سائبر خطرات شامل ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات میں جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، بالخصوص ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق ایسے روابط پاکستان اور آسیان کے رکن ممالک کے نوجوانوں کو بدلتی ہوئی معیشت کے تقاضوں کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے آسیان کے رکن ممالک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین اور پیشہ ور افراد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے ثقافتی، تعلیمی اور نوجوانوں کے تبادلوں کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
علاقائی اور عالمی سلامتی کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ محفوظ سمندری راستے اور بلا تعطل سپلائی چینز دونوں خطوں کی معیشتوں اور عوام کے روزگار کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مرکزی کردار کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل کو متعدد علاقائی امور پر پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر معاہدے کو غیر مؤثر قرار دینے کا فیصلہ ’’بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ایک خطرناک کوشش ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے آبی، غذائی اور توانائی کے تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازع کے منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
فلسطین کے معاملے پر اسحاق ڈار نے غیر قانونی یہودی بستیوں میں مسلسل توسیع اور مغربی کنارے اور القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
11 جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر مشتمل آسیان پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ اسلام آباد طویل عرصے سے اس تنظیم میں مکمل ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

























Comments