طارق کرمانی طبی وجوہات کی بنا پر پاکستان ریفائنری کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی
- طارق کرمانی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارپوریٹ شعبے میں 50 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے
طارق کرمانی نے طبی وجوہات کی بنا پر پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے چیئرمین اور ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا استعفیٰ 9 اکتوبر 2026 سے مؤثر ہو گیا ہے۔
لسٹڈ ریفائنری نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جمع کرائی گئی فائلنگ میں اس بارے میں آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہم آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ آزاد ڈائریکٹر طارق کرمانی نے طبی وجوہات کی بنا پر پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور ڈائریکٹر کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، جو 9 اکتوبر 2026 سے مؤثر ہے۔
پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، طارق کرمانی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارپوریٹ شعبے میں 50 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد 1969 میں ملٹی نیشنل آئل کمپنی کیلٹیکس، جو بعد میں شیورون پاکستان بنی، سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے امریکا، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا میں مختلف اعلیٰ انتظامی عہدوں پر سات سال تک خدمات انجام دیں۔
1991 میں وہ کمپنی کے ڈائریکٹر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی بنے۔
1999 میں انہوں نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی، جبکہ 2001 میں انہیں منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا گیا۔
2005 میں حکومتِ پاکستان نے طارق کرمانی کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا۔ انہوں نے دو سال تک ایئرلائن میں خدمات انجام دیں۔

























Comments