ریاض ایئرپورٹ پر زور دار دھماکے کی آواز، ایئرلائنز کی مزید پروازیں منسوخ
- ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائنز سے براہِ راست رابطہ کرکے اپنی پرواز کی صورتِ حال کی تصدیق کرلیں
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ پر ہفتے کو زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ ایک عینی شاہد اور معاملے سے باخبر افراد نے یہ اطلاع ایسے وقت میں دی ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں میں شدت آ رہی ہے۔
سعودی حکومت کے میڈیا آفس اور سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائنز سے براہِ راست رابطہ کرکے اپنی پرواز کی صورتِ حال کی تصدیق کرلیں۔
اتحاد ایئرویز اور قطر ایئرویز نے اپنے اپنے مرکزی ہوائی اڈوں اور ریاض کے درمیان متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں، جبکہ بعض پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ پیر تک بڑھ گیا ہے۔
ہفتے کو ہونے والا دھماکا رواں ہفتے کے اوائل میں ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں کے بعد ہوا ہے، جن میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، سعودی ایئرلائنز کا ایک طیارہ تباہ ہوگیا تھا اور ایئرپورٹ کی فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے تھے۔
ان حملوں کے بعد متعدد فضائی کمپنیوں نے سعودی دارالحکومت کے لیے پروازیں معطل یا منسوخ کردیں۔ یہ صورتِ حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ریاض میں توانائی اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم کانفرنسیں منعقد ہونے والی ہیں۔





















Comments