تجارت اور علاقائی سیکیورٹی، یورپی سفارت کاروں کا پاکستان سے روابط بڑھانے کا عزم
- یہ سفارتی نشست ہفتے کے روز اسلام آباد میں آئرلینڈ کے سفیر کی رہائش گاہ پر شروع ہوئی
یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک کے سفیروں نے اسلام آباد میں ہونے والی ایک سفارتی نشست کے دوران یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے، جس میں تجارتی ترجیحات، سیکیورٹی، ہجرت، انسانی حقوق اور ترقیاتی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔
پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنسکو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اور فیس بک پر ایک پوسٹ میں اس پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے یورپی اتحاد اور پاکستان کے ساتھ مربوط روابط کی اہمیت اجاگر کی۔
یہ سفارتی نشست ہفتے کے روز اسلام آباد میں آئرلینڈ کے سفیر کی رہائش گاہ پر شروع ہوئی، جس میں یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کے سفیروں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، مشترکہ ترجیحات اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
سفیر ڈین اسٹوئنسکو نے کہا کہ یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس)، سیکیورٹی، ہجرت اور انسانی حقوق سمیت اہم امور پر مشترکہ یورپی مؤقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک پاکستان کے ساتھ سیاسی مکالمے، اسٹریٹجک کمیونیکیشن، انسانی امداد اور ترقیاتی تعاون کے معاملات میں بھی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، جبکہ اجتماعی مشاورت میں اپنے انفرادی قومی نقطہ نظر بھی پیش کرتے ہیں۔
رومانیہ کے سفیر نے اس طرز عمل کو یورپ کے اصول تنوع میں اتحاد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے اور یورپی مؤقف کو مربوط انداز میں پیش کرنے کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے اس نشست کے انعقاد اور سفارتی مشاورت کو ممکن بنانے پر آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کاروبلیس کا شکریہ ادا کیا۔
یوکرین کے لیے یورپی یکجہتی اور حمایت
سفیر ڈین اسٹوئنسکو نے یوکرین کے ساتھ یورپی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کا اتحاد اندرون اور بیرون ملک سیکیورٹی مضبوط بنانے، یوکرین کی حمایت اور پاکستان سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے یورپی تجربات اور وسائل کو یکجا کرنے کی مشترکہ کوششوں سے ظاہر ہوتا ہے۔


























Comments