بونڈی بیچ حملے کے ہیرو کو آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری بہادری کے اعزاز سے نواز دیا گیا
- آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن نے بتایا کہ احمد الاحمد کو یہ اعزاز دیا گیا ہے
آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو دسمبر میں بونڈی بیچ پر ہونے والی فائرنگ کے دوران حملہ آور سے بندوق چھیننے اور متعدد افراد کی جان بچانے پر اتوار کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری بہادری کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن نے بتایا کہ احمد الاحمد کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ دسمبر میں دو مسلح افراد نے مشہور ساحلی مقام بونڈی بیچ پر یہودیوں کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ یہود دشمنی پر مبنی تھا اور اس کے پیچھے داعش کا نظریہ کارفرما تھا۔
احمد الاحمد نے حملہ آوروں میں سے ایک پر عقب سے حملہ کرنے سے پہلے کھڑی گاڑیوں کے پیچھے پناہ لی، پھر اس کی رائفل چھین کر اسے زمین پر گرا دیا۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران انہیں متعدد گولیاں لگیں، تاہم ان کی بہادری سے کئی افراد کی جانیں بچ گئیں۔
گورنر جنرل سیم موسٹن نے بتایا کہ احمد الاحمد کو ’کراس آف ویلیئر‘ (Cross of Valour) سے نوازا گیا ہے، جو شہری بہادری کے اعتراف میں دیا جانے والا ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ یہ اس نوعیت کا چھٹا اعزاز ہے جو کسی شہری کو دیا گیا ہے۔
اعزاز کی توثیقی دستاویز میں کہا گیا کہ احمد الاحمد نے بونڈی بیچ پر انتہائی خطرناک حالات میں مسلح شخص کو غیر مسلح کرنے کے لیے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔
اس دہشت گرد حملے کے حوالے سے مجموعی طور پر چار بہادری کے اعزازات کا اعلان کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد آسٹریلیا میں اسلحے کی واپسی کے لیے قومی پروگرام، اسلحہ لائسنس کے اجرا کے لیے سخت جانچ پڑتال اور نفرت انگیز جرائم کے خلاف کارروائی تیز کرنے کے لیے نئے قوانین متعارف کرائے گئے۔
دو بچوں کے مسلمان والد احمد الاحمد کو فائرنگ کے واقعے کے بعد دنیا بھر میں ہیرو قرار دیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انتہائی بہادر شخص ہیں جنہوں نے کئی جانیں بچائیں۔


























Comments