BR100 Decreased By (-0.06%)
BR30 Decreased By (-0.34%)
KSE100 Decreased By (-0.03%)
KSE30 Decreased By (-0.02%)
BAFL 60.31 Increased By ▲ 0.39 (0.65%)
BIPL 24.70 Increased By ▲ 0.13 (0.53%)
BOP 31.30 Increased By ▲ 0.02 (0.06%)
CNERGY 11.78 Increased By ▲ 0.13 (1.12%)
DFML 17.64 Increased By ▲ 0.46 (2.68%)
DGKC 202.68 Decreased By ▼ -2.37 (-1.16%)
FABL 93.85 Increased By ▲ 0.21 (0.22%)
FCCL 60.59 Decreased By ▼ -0.33 (-0.54%)
FFL 14.83 Decreased By ▼ -0.04 (-0.27%)
GGL 21.00 Decreased By ▼ -0.35 (-1.64%)
HBL 303.76 Decreased By ▼ -0.32 (-0.11%)
HUBC 212.00 Increased By ▲ 0.57 (0.27%)
HUMNL 8.15 Decreased By ▼ -0.05 (-0.61%)
KEL 6.03 Decreased By ▼ -0.02 (-0.33%)
LOTCHEM 25.65 Increased By ▲ 0.01 (0.04%)
MLCF 107.80 Decreased By ▼ -0.67 (-0.62%)
OGDC 310.99 Decreased By ▼ -0.46 (-0.15%)
PAEL 34.30 Decreased By ▼ -0.09 (-0.26%)
PIBTL 13.25 Decreased By ▼ -0.21 (-1.56%)
PIOC 283.85 Decreased By ▼ -1.05 (-0.37%)
PPL 223.40 Decreased By ▼ -0.27 (-0.12%)
PRL 81.80 Increased By ▲ 1.28 (1.59%)
SNGP 92.13 Increased By ▲ 1.09 (1.2%)
SSGC 25.58 Increased By ▲ 1.59 (6.63%)
TELE 7.77 Increased By ▲ 0.30 (4.02%)
TPLP 13.63 Decreased By ▼ -0.09 (-0.66%)
TRG 54.05 Increased By ▲ 0.04 (0.07%)
UNITY 8.42 Increased By ▲ 0.07 (0.84%)
WTL 1.23 Increased By ▲ 0.03 (2.5%)
پاکستان

پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہے، سیاسی مفاہمتی عمل میں اسے شامل کرنا ہوگا، بلاول بھٹو

  • پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں واپس کرنا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد سازی کا مؤثر اقدام ثابت ہوسکتا ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک سیاسی حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام کی بامعنی ازسرِنو تشکیل کے عمل میں اپوزیشن جماعت کو شامل کرنا ضروری ہے۔

ملتان پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی، سیاسی اور ادارہ جاتی بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاسی مفاہمت، پارلیمان کی بالادستی اور تمام سیاسی فریقوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے اپنے دورِ اقتدار میں صدر آصف علی زرداری سمیت اپنے سیاسی مخالفین کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا، تاہم پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے اور اسے ملک میں سیاسی نظام کی ازسرِنو تشکیل کے عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے تجویز دی کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں واپس کرنا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان دور کرنے اور باہمی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی نظام کی مجوزہ ازسرِنو تشکیل کا عمل غیر سیاسی طریقے کے بجائے جمہوری اور سیاسی انداز میں آگے بڑھایا جانا چاہیے، جس میں حکومت، اس کے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کو شریک کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کے لیے پہل کرے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی پارلیمان میں اپنی شرکت کو محض ایک انتخاب کے بجائے اپنی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل سے متعلق تمام فیصلے پارلیمان کے اندر ہونے چاہئیں اور خبردار کیا کہ پارلیمان سے باہر فیصلے کرنے سے موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کی نظام کی صلاحیت کمزور ہوگی۔

انتخابی اصلاحات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابی عمل پر اعتماد بحال کیے بغیر سیاسی نظام کی ازسرِنو تشکیل کا کوئی بھی عمل کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ عام انتخابات پر نہ صرف اپوزیشن بلکہ حکومت میں شامل حلقوں نے بھی تنقید کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل نہیں کیا جاتا، آئندہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومتوں کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھتے رہیں گے۔

اسی طرح انہوں نے موجودہ عدالتی نظام کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وسیع تر جمہوری اور سیاسی اصلاحات کے تحت عدلیہ پر اعتماد بحال کرنے کے لیے مزید آئینی ترامیم پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

1973 کے آئین اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وسیع سیاسی اتفاق رائے سے منظور ہونے والی قانون سازی کو محض عددی برتری کی بنیاد پر منظور کیے گئے قوانین کے مقابلے میں زیادہ مضبوط جواز اور قانونی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے احتساب کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے بدعنوانی کے حقیقی مقدمات چلانے کے بجائے سیاسی انتقام کا راستہ اختیار کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو غیر معمولی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جن میں علاقائی کشیدگی، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی عدم استحکام اور اداروں کے درمیان اختلافات عام شہریوں کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹا رہے ہیں، جو خوراک، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم اور حکومت کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ملک کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں منتخب نمائندوں کو مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔

گورنر راج کے معاملے پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غیر مقبول ہونے کے باوجود ہنگامی اقدامات کی حمایت کی، کیونکہ دہشت گردی ان کی جماعت کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پاجاتا ہے تو وہ گورنر راج ختم کرانے کے لیے فوری طور پر وزیراعظم سے رابطہ کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی ’نظر بندی‘ کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر تنقید جمہوری عمل کا جائز حصہ ہے اور اسے برداشت کیا جانا چاہیے۔

آزادیٔ صحافت پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے میڈیا کی طاقت اور خودمختاری بحال کرنے کے لیے سنجیدہ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقتدار میں موجود افراد کا احتساب کرنے میں آزاد صحافت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے جمہوری اور آئینی طریقہ کار کے تحت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے وقت میں نئے سیاسی اور نسلی اختلافات کو جنم دینے سے گریز کرنا چاہیے جب ملک پہلے ہی سنگین سکیورٹی چیلنجز سے دوچار ہے۔

انہوں نے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور کسانوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس ماہ کے اوائل میں بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ملک میں سیاسی نظام کی ازسرِنو تشکیل کا مطالبہ کیا تھا اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے سیاسی کشیدگی کے حل کے لیے نئے طرزِ عمل پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمان کو مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے سیاسی انتقام کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ ملک اب سیاست میں انتقام کی روایت کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔

Comments

200 حروف