وزیراعظم کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے قرضوں کی شرائط نرم کرنے کی ہدایت
- وزیرِ اعظم ک چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں کا حصول آسان بنانے کی غرض سے بینکوں کے احتیاطی ضوابط پر نظرِ ثانی کرنے کا بھی مطالبہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے قرض دینے کی شرائط میں نرمی کریں۔ اس میں روایتی ضمانت کے متبادل کے طور پر کاروباری نقد بہاؤ (کیش فلو) اور ڈیجیٹل برآمدی ریکارڈ کو قبول کرنے کی اجازت دینا بھی شامل ہے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نے چھوٹے کاروباروں کے لیے قرض حاصل کرنا آسان بنانے کی غرض سے بینکوں کے احتیاطی ضوابط پر نظرِ ثانی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بینکوں کو حکومت کے متعلقہ ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو، تاکہ قرضوں کی درخواستوں پر کارروائی تیز کی جاسکے اور طریقۂ کار سے متعلق رکاوٹوں کو کم کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجوزہ اقدامات کے تحت ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ان ریکارڈز کی بنیاد پر قرض فراہم کرنے کے لیے زیرِ غور لایا جانا چاہیے، جن کے برآمدی ریکارڈ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے دستیاب ہوں یا جو ایکزم انشورنس ( اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چینز کا حصہ ہوں۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کاروباری اداروں کے نقد بہاؤ (کیش فلو) کو ان کی قرض ادا کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے ایک متبادل معیار کے طور پر تسلیم کیا جائے تاکہ ایسے کاروبار بھی قرض حاصل کر سکیں جن کا کاروباری نظام قابلِ عمل ہے، لیکن جن کے پاس ٹھوس اثاثے محدود ہیں۔
وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ بینکوں کو روایتی قرضوں کی فراہمی سے آگے بڑھ کر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی معاونت کرنی چاہیے، اور انہیں لیٹرز آف کریڈٹ اور بینک گارنٹیز کے اجرا میں سہولت فراہم کرنی چاہیے، جو ملکی اور بین الاقوامی تجارت سے وابستہ کاروباروں کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی فراہمی کے لیے مقررہ اہداف پورے کرنے والے بینکوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک اس شعبے کے لیے مالی معاونت بڑھانے کی غرض سے اپنی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
بینکنگ انڈسٹری نے جون 2028 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مجموعی طور پر 2 ٹریلین روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض لینے والے کاروباری اداروں کی تعداد بڑھا کر 775,000 تک پہنچانے کا عہد کیا ہے۔
اس ہدف میں 449,000 نئے ایس ایم ایز قرض لینے والوں کے لیے 886 ارب روپے کے نئے قرضے اور مالی سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
ایس ایم ایز کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔


























Comments