ایران نے امریکی افواج پر حملوں میں اسٹارلنک استعمال کیا، واشنگٹن پوسٹ
- رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کو اس وقت شدید غصہ آیا جب انہیں اسٹارلنک کے دو غیر مجاز استعمال کے بارے میں معلوم ہوا
واشنگٹن پوسٹ نے ہفتے کے روز ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع کیے جانے کے بعد ایران نے امریکی افواج پر حملوں میں اسپیس ایکس کی اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز استعمال کیں۔
رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کو اس وقت شدید غصہ آیا جب انہیں اسٹارلنک کے دو غیر مجاز استعمال کے بارے میں معلوم ہوا۔ کمپنی کی ٹیم نے ان دونوں واقعات کو امریکی افواج کے خلاف ایران کی کارروائیوں سے منسلک قرار دیا تھا۔
رپورٹ میں کمپنی کے اندرونی معاملات سے واقف دو افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ مسک کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ امریکی فوج نے اسٹارلنک کے عسکری ورژن ’اسٹارشیلڈ‘ کے ذریعے یک طرفہ حملہ کرنے والے ڈرونز اڑائے، تاہم اس کے لیے زمینی آپریشنز کے لیے مختص ایک سستا پیکیج استعمال کیا گیا۔
اسپیس ایکس اور ایرانی وزارت خارجہ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو پیش کی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں ایرانی فوج کی جانب سے اسٹارلنک کے استعمال کی تفصیلات بیان کی گئی تھیں۔
تاہم امریکی محکمہ دفاع نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ وزیر دفاع کے دفتر سے متعلق اس موضوع پر کسی رپورٹ سے آگاہ نہیں ہے۔
یوکرین اور ایران کی جنگوں کے دوران جغرافیائی سیاسی تنازعات والے علاقوں میں اسٹارلنک کے استعمال، امریکی حکومت کے اس پر کنٹرول اور پابندیوں کی زد میں آنے والے اداروں کی جانب سے اس کے غیر قانونی استعمال پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
اسٹارلنک کو ایران میں کام کرنے کا لائسنس حاصل نہیں، تاہم ایلون مسک ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ یہ سروس وہاں فعال ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایرانی حکام نے بدامنی کے دوران عوام کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بند کردی تھی، جس میں جنوری میں ہونے والے ملک گیر اور مہلک مظاہرے بھی شامل تھے۔ ان واقعات کے بعد امریکی حکومت نے ہزاروں اسٹارلنک ٹرمینلز خفیہ طور پر ایران پہنچائے تھے۔
فروری کے اواخر میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف موجودہ جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے ایرانی حکومت نے انٹرنیٹ تک رسائی پر سخت کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔


























Comments