مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر چھاپہ، بلاول بھٹو کا اسحاق ڈار سے نوٹس لینے کا مطالبہ
- پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز وفاقی وزرا اور قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کے ہمراہ اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، یہ بات پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل نے ایک بیان میں بتائی ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی بھی حکومتی وفد میں شامل تھے، جبکہ سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات میں شرکت کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اسحاق ڈار سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے بلاول کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے بارے میں بتایا اور الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کو گرفتار کیا گیا جبکہ خاندان کی خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سیل کیے جانے اور اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی مذمت کی۔
جے یو آئی (ف) کا مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا الزام، رہائش گاہ سیل کرنے کا دعویٰ
جے یو آئی (ف) نے ہفتے کے روز حکومت پر اپنے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے کر وہاں موجود خواتین اور بچوں سمیت اہل خانہ کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے ایک بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں گھر پر نظر بند ہیں، جبکہ پولیس نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو گھیر رکھا ہے اور اندر موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے صرف 30 منٹ دیے گئے۔ اسلم غوری نے بعدازاں کہا کہ انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ سیل کردی، جس کے بعد خاندان کے افراد وہاں سے چلے گئے۔
پارٹی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسلم غوری نے کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (ف) نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اپنے احتجاج ملتوی کردیے تھے، لیکن حکومت نے ان کے تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم امن چاہتے ہیں، حکومت تصادم پر کیوں تلی ہوئی ہے؟‘‘ اور سوال اٹھایا کہ کشیدگی بڑھانے کے لیے حکام کس کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر رہائش گاہ کا محاصرہ ختم کرے اور خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا بند کرے، ساتھ ہی خبردار کیا کہ کسی بھی نتیجے کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
ادھر جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی مبینہ زیادتیوں کے باوجود جذباتی ردعمل سے گریز کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کی مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
اسلم غوری نے شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پر ظلم و جبر کے نئے ریکارڈ قائم کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

























Comments