کاروں کی فروخت بیس برس سے جمود کا شکار
- 2005 میں مقامی کاروں کی فروخت 1 لاکھ 52 ہزار یونٹس تھی، جبکہ 2025 میں یہ 1 لاکھ 48 ہزار یونٹس رہی
پاکستان میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران گاڑیوں کی فروخت بڑی حد تک جمود کا شکار رہی ہے۔ صنعت کے ماہرین اس کی وجوہات میں معاشی عدم استحکام، صارفین کی کمزور قوتِ خرید، حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل اور سستی فنانسنگ تک محدود رسائی کو شامل کرتے ہیں۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز کے چیئرمین عبد الرحمن اعزاز نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ 2005 میں مقامی کاروں کی فروخت 1 لاکھ 52 ہزار یونٹس تھی، جبکہ 2025 میں یہ 1 لاکھ 48 ہزار یونٹس رہی، جو 20 سال گزرنے کے باوجود فروخت میں نہ ہونے کے برابر اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جمود صنعت کی ناکامی نہیں بلکہ بار بار آنے والے معاشی بحرانوں، تیزی اور مندی کے چکروں اور پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال کا نتیجہ ہے، جس نے مینوفیکچررز کو اپنی سرگرمیاں وسعت دینے سے روکے رکھا۔
عبد الرحمن اعزاز کے مطابق، صنعت نے سالانہ 6 لاکھ گاڑیوں کی پیداواری صلاحیت قائم کر رکھی ہے، جو ظاہر کرتی ہے کہ بنیادی رکاوٹ رسد نہیں بلکہ ملک کے معاشی حالات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروں کی فروخت میں اضافہ براہِ راست صارفین کی قوتِ خرید، جی ڈی پی کی نمو اور سستی آٹو فنانسنگ کی دستیابی سے منسلک ہے، جن میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔
ان چیلنجز کے باوجود، انہوں نے مزید کہا کہ صنعت نے بیشتر جاپانی کاروں میں استعمال ہونے والے پرزوں کی مالیت کے لحاظ سے 50 سے 65 فیصد تک مقامی سطح پر تیاری حاصل کی ہے، جبکہ تقریباً 1,200 آٹو پارٹس وینڈرز براہِ راست 3 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔
آٹو پالیسی 2026-31 کے اعلان میں تاخیر پر تبصرہ کرتے ہوئے عبد الرحمن اعزاز نے کہا کہ حکومت پیداواری صلاحیت بہتر بنانے، مینوفیکچررز کی معاونت یا کاروبار کرنے کی لاگت کم کرنے کے بجائے ٹیکسوں، ڈیوٹیز اور سیلز ٹیکس میں کمی کے ذریعے گاڑیوں کو سستا بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طریقہ کار سے اسمبلرز کی مقامی طور پر تیار کردہ پرزوں کی خریداری متاثر ہوسکتی ہے اور پرزوں کے ساتھ ساتھ مکمل تیار شدہ (سی بی یو) گاڑیوں، بشمول نئی اور استعمال شدہ کاروں کی درآمدات کی حوصلہ افزائی ہوسکتی ہے، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر مزید دباؤ پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کی جانب منتقلی کے ساتھ جاپانی، کوریائی اور چینی آٹومیکرز کے مفادات میں توازن پیدا کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔
تاہم عبد الرحمن اعزاز کے مطابق آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ آبادی کی جانب اشارہ کیا، جس میں سے 65 فیصد افراد کی عمر 35 سال سے کم ہے اور 45 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری رائے میں، جب حکومت روزگار کی فراہمی کو اپنا بنیادی مقصد بنا لے گی تو باقی تمام چیزیں خود بخود درست سمت میں آگے بڑھنے لگیں گی۔
دریں اثنا، پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل رضی الرحمٰن نے بھی صنعت کی کارکردگی کو جمود کا شکار قرار دیا اور کہا کہ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتی پالیسیوں اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ پروگرام (2007-12) کے تحت 2005-06 میں 1 لاکھ 92 ہزار 695 کاروں اور لائٹ کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز) کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ پالیسی مدت کے اختتام تک اسے 5 لاکھ یونٹس تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
تاہم، ہدف کے سال تک پیداوار صرف تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار 635 یونٹس تک پہنچ سکی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے جولائی تا مارچ کے دوران صنعت نے 1 لاکھ 78 ہزار 763 کاریں اور ایل سی ویز تیار کیں۔
رضی الرحمٰن نے کہا کہ سخت کنٹرول والی پالیسیوں کے تحت کام کرنے والی صنعت کی کارکردگی حکومتی انتظامی ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس شعبے کے انتظامی طریقہ کار کا جامع جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ نیا پالیسی فریم ورک متعارف کرانے سے قبل سابقہ پالیسیوں کا جائزہ لیا جانا چاہیے، تاکہ خامیوں کی نشاندہی کی جا سکے اور تمام متعلقہ فریقوں سے وسیع مشاورت کے ذریعے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہی پرانا طریقہ اپنانے کی پالیسی بار بار ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق اب 16 کمپنیاں ایک ہی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، جس کے باعث ہر مینوفیکچرر کے حصے میں کم حجم آ رہا ہے اور مقامی سطح پر تیاری میں سرمایہ کاری کا کاروباری جواز کمزور ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال سے صنعت کا درآمدات پر انحصار بڑھ سکتا ہے، جو تقریباً 25 کروڑ 50 لاکھ آبادی والے ملک کے لیے تشویش ناک ہے۔
گیلپ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے رضی الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے صرف تقریباً 6 سے 7 فیصد گھرانوں کے پاس چار پہیوں والی مسافر گاڑی ہے، جبکہ تقریباً 53 فیصد گھرانے موٹر سائیکل رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ ہر ایک ہزار افراد میں سے صرف تقریباً 11 افراد کار خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔
آئندہ آٹو پالیسی کے حوالے سے رضی الرحمٰن نے کہا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار نے جون 2026 میں آخری مرتبہ صنعت کے متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی تھی، جس کے بعد کوئی خاطر خواہ رابطہ نہیں ہوا۔
انہوں نے پالیسی کے اعلان میں تاخیر کی ایک وجہ مجوزہ پالیسی کی پاکستان کے جاری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام سے مطابقت کے حوالے سے خدشات کو قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق، بعض مجوزہ شقیں، جن میں لازمی برآمدی شرائط اور کم از کم مقامی ویلیو ایڈیشن شامل ہیں، آئی ایم ایف کی جانب سے ممکنہ طور پر غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کے طور پر دیکھی جا رہی تھیں۔
رضی الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کی منظوری حاصل کرنے سے پہلے ان خدشات کو دور کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اطلاعات کے مطابق حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر ان شقوں کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں جن پر آئی ایم ایف نے اعتراضات اٹھائے ہیں، اور آئی ایم ایف کے سامنے معاملہ پیش کرنے سے قبل ان مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
























Comments