سیاست دان انتقام کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں، بلاول بھٹو زرداری
- سیاسی جماعتیں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کو ترجیح دیں، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا مطالبہ
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ پاکستان کو غیر معمولی معاشی بحران کا سامنا ہے اور اگر سیاست دان عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام لینے میں مصروف رہے تو یہ عوام کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا، ’’میں نے اس نوعیت کا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘‘ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کے اندرونی اور علاقائی حالات اس صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات رحیم یار خان میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے مفت علاج کے اسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے حکومت، سیاسی قیادت اور پارلیمان پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں، خصوصاً مہنگائی، بے روزگاری اور غربت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا، ’’سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی قیادت جمہوری اور آئینی طریقوں سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہوجائے تو پاکستان کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام معاشی بوجھ میں کمی، محنت کشوں کو ان کی محنت کا منصفانہ معاوضہ اور کسانوں کو ان کی پیداوار کے مناسب نرخ ملنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام بزرگوں اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے بہتر طبی سہولتوں کی بھی توقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے منصوبے شروع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
سندھ میں قائم سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کی طبی سہولتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ان کی جماعت اب رحیم یار خان کے شہریوں کو بھی اسی نوعیت کی مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کررہی ہے، جہاں مالی مشکلات کے باعث عام لوگوں کے لیے مفت علاج کی سہولت خاص اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی اسپتال کے پہلے مرحلے میں 50 بستروں کی سہولت ہوگی، جہاں مفت ڈائلیسس، ایمرجنسی خدمات، لیبارٹری ٹیسٹ، گردے کی پتھری کا علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر کام اکتوبر 2026 میں شروع ہوا تھا اور کوشش کی جارہی ہے کہ پہلے مرحلے کو آئندہ ایک سال میں مکمل کرکے مفت علاج کی سہولتیں شروع کردی جائیں۔
بلاول کے مطابق دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے منصوبے کو آگے بڑھانے میں پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کے قیام کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔
بلاول نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔
انہوں نے منصوبے کے لیے زمین کے حصول میں مدد پر پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر جاوید اکبر اور تعاون پر وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ماضی کی سیاسی رقابتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اکثر ایک حکومت کے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے دوسری حکومت کے آنے پر روک دیے جاتے ہیں، جبکہ نئے منصوبے شروع کرکے پہلے سے جاری منصوبے ادھورے چھوڑ دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ سیاست کا خمیازہ بالآخر عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق وزیراعظم نواز شریف اس بات پر متفق ہوئے تھے کہ ان کی جماعتیں آئین اور جمہوریت کی پاسداری کریں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کریں گی اور حکومتیں گرانے کی سازشوں یا سیاسی مخالفین کے شروع کردہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو روکنے سے گریز کریں گی۔
بلاول نے کہا کہ جمہوریت کی اس روایت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کریں اور دوسری حکومتوں کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے یہ طرزِ عمل اختیار کرنا ضروری ہے، جبکہ غریب اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔


























Comments