قومی احتساب بیورو (نیب) نے بجلی کی ترسیل کے شعبے کے دو بڑے منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ان منصوبوں میں وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)، نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) اور دیگر حکام ملوث ہیں۔ باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ نیب نے پاور ڈویژن سے وضاحتیں طلب کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ تحقیقاتی رپورٹس بھی طلب کر لی ہیں۔
حال ہی میں نیب نے 765 کلو وولٹ داسو-اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے (لاٹ-IV) اور ADB-40 IB-2022 لاٹ II-A (ACSR Bunting Conductor) سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات اور مسائل پر پاور ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
یہ انکوائری قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) 1999 کے تحت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کی جانب سے معاملہ نیب کو بھجوائے جانے کے بعد شروع کی گئی ہے۔
نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد علی نے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے پاور ڈویژن کو ارسال کردہ خط میں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات اور الزامات پر اپنا مؤقف پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ خط میں نشاندہی کی گئی کہ یہ معاملات پہلے ہی وزارت کے علم میں لائے جاچکے ہیں اور مختلف فورمز پر ان پر تبادلۂ خیال بھی ہوچکا ہے۔
بیورو نے دونوں منصوبوں کے حوالے سے کسی بھی فورم کی جانب سے کی جانے والی تمام انکوائریوں اور حقائق معلوم کرنے سے متعلق رپورٹس کی مصدقہ نقول بھی طلب کی ہیں تاکہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جاسکے۔
یہ پیشرفت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کی جانب سے اٹھائے گئے سنگین اعتراضات کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی نے 765 کلو وولٹ اسلام آباد ویسٹ گرڈ اسٹیشن منصوبے کے حوالے سے ایک ٹھیکیدار کو ٹیکسوں کی مد میں مبینہ طور پر ایک ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے کی غیر قانونی ادائیگی پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، ایک اجلاس کے دوران این ٹی ڈی سی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے کمیٹی کو این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے نتائج سے آگاہ کیا۔اس کمیٹی کو ٹھیکے کی منظوری اور اس سے متعلقہ ٹیکسوں کے معاملات کے حوالے سے سابقہ حقائق معلوم کرنے والی رپورٹس، سرکاری ریکارڈ اور دستاویزات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
تاہم سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی ڈی سی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پارلیمانی فورم کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں متفقہ طور پر اپنی سفارش منظور کی تھی اور این جی سی کے نئے تعینات ہونے والے منیجنگ ڈائریکٹر نے ایک ہفتے کے اندر کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
چیئرمین نے افسر کو متنبہ بھی کیا کہ سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت کمیٹی کو گمراہ کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
اجلاس میں غور و خوض کے دوران ڈپٹی آڈیٹر جنرل مرتضیٰ خان نے کمیٹی کو بتایا کہ غیر ملکی معاونت سے چلنے والے منصوبے کی تصدیق کے دوران آڈٹ اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ اس معاملے پر 12 ستمبر 2025 کو منعقدہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں بھی تبادلۂ خیال کیا گیا تھا جبکہ حتمی طور پر اسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
تاہم کمیٹی کے چیئرمین نے نشاندہی کی کہ یہ معاملہ جیسا کہ بریفنگ میں بتایا گیا پہلی مرتبہ غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کے آڈٹ کے دوران سامنے نہیں آیا تھا بلکہ اس پر 19 مئی، 16 جون اور 30 جون 2025 کو منعقدہ کمیٹی کے اجلاسوں میں تفصیلی بحث ہو چکی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی دستاویزات میں واضح طور پر درج تھا کہ بولی میں پیش کردہ نرخوں میں تمام ٹیکس شامل ہیں۔ انہوں نے سب سے کم بولی دینے والے ٹھیکیدار اور دوسری سب سے زیادہ بولی دینے والے ٹھیکیدار کی پیش کردہ رقم کے درمیان تقریباً 9 ارب روپے کے فرق کی بھی نشاندہی کی۔
ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (پاور) عائشہ صدیقہ نے بھی پاور ڈویژن کے حکام کی جانب سے پہلے دی گئی بریفنگ کی تردید کرتے ہوئے کمیٹی کو بتایا کہ 30 دسمبر 2025 کو انہیں غلط طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ ان کے دفتر نے ٹیکس کی رقم کا خصوصی آڈٹ کیا تھا اور بعد ازاں یہ معاملہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی میں طے پا گیا تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ 12 ستمبر 2025 کو آڈیٹر جنرل منصوبے کے حقائق کی تصدیق کررہے تھے، اسی دوران پاور ڈویژن نے ٹیکس کے معاملے کی بھی تصدیق کرنے کی درخواست کی۔ اس کارروائی کے دوران آڈیٹر جنرل نے منصوبے میں ایک اہم نوعیت کی بے ضابطگی کی نشاندہی کی۔
بعد ازاں 29 ستمبر 2025 کو محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے سے متعلق تفصیلی دستاویزات پیش کی گئیں اور کمیٹی نے محکمے کے مؤقف پر تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی نے قومی مفاد میں کی اصطلاح استعمال کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کیونکہ اس معاملے کو عطیہ دہندہ ادارے کے بجائے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جانا تھا۔ آڈیٹر جنرل کا تعمیلی آڈٹ منصوبے کی تمام سرگرمیوں کا احاطہ کرے گا جن میں خفیہ انکوائری کمیٹی اور ٹھیکے کا انتظام و انصرام بھی شامل ہیں۔
سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین نے عالمی بینک کے خریداری سے متعلق ضوابط کی شقوں 3.25 اور 3.26 کا بھی حوالہ دیا جن کے تحت خریداری کے پورے عمل کی ذمہ داری قرض لینے والے فریق پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ محکمہ گزشتہ کمیٹی اجلاسوں میں اعتراف کر چکا ہے کہ ٹھیکیدار کو ٹیکسز کی مد میں ایک ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے کی غیر قانونی ادائیگی کی گئی تھی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہ رقم متعلقہ کمپنی سے واپس وصول کی جائے، بصورتِ دیگر معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے اور قومی احتساب بیورو کو بھجوا دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے اسپیشل سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پاور ڈویژن نے کی تھی اور رپورٹ وزارت کی ملکیت ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی اندرونی انکوائری کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔
چیئرمین نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور سفارش کی کہ اقتصادی امور ڈویژن اس معاملے کو وفاقی تحقیقاتی ادارے اور قومی احتساب بیورو کو بھجوائے۔
کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ بھی کیا کہ وہ اپریل 2026 میں 765 کلو وولٹ داسو-اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے کا دورہ کرے گی، تاکہ منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ محکمے کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا جا سکے۔
علاوہ ازیں، کمیٹی نے ADB-40 IB-2022 لاٹ II-A (ACSR Bunting Conductor) منصوبے میں مبینہ طور پر ملوث نیسپاک کے افسران کے خلاف کارروائی پر غور کے دوران سیکریٹری پاور ڈویژن کی عدم موجودگی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ متعلقہ افسران کے خلاف کی جانے والی کارروائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، جبکہ اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں سیکریٹری پاور ڈویژن کی شرکت یقینی بنائے۔
کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کو یہ ہدایت بھی دی تھی کہ بنٹنگ کنڈکٹرز کا معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے اور قومی احتساب بیورو کو بھجوایا جائے۔ تاہم نیب، جو اب بدعنوانی کے مقدمات پر سرگرم عمل ہے، نے خریداری کے قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث دونوں معاملات، یعنی 765 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن منصوبے اور بنٹنگ کنڈکٹرز کے معاملے میں باضابطہ طور پر انکوائری شروع کردی ہے۔


























Comments