وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چینی خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز سے گفتگو
- وزیراعظم نے کہا کہ خلا سے علی جو علم اور تجربہ واپس لائیں گے، وہ پاکستان کی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کے حصول کی کوششوں میں ایک اہم باب کا اضافہ ہوگا
وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کے روز پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی، جو اس وقت چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔
یہ رابطہ اسلام آباد میں خلائی و بالائی فضائی تحقیق کے ادارے (سپارکو) کے دورے کے دوران کیا گیا۔
ذیشان علی کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا خلائی سفر پاکستان کے انسانی خلائی پرواز پروگرام کی ابتدا ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملک کے بڑھتے ہوئے عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلا سے علی جو علم اور تجربہ واپس لائیں گے، وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی حاصل کرنے کی پاکستان کی کوششوں میں ایک اہم باب کا اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ مشن اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان بیرونی خلا کو پُرامن مقاصد اور انسانیت کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی خلا بازوں کے ساتھ علی کے سائنسی تجربات سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سائنسی برادری کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، جسے اکثر ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دیا جاتا ہے، اب آسمانوں سے بھی آگے بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی خلائی مشن پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر انجام دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور عزم پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے اپنے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار بنانے کا فیصلہ ایک غیر معمولی اقدام ہے، جسے پاکستانی عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
انہوں نے زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بننے پر ذیشان علی کو مبارک باد دی اور ان کے چینی ساتھی خلا بازوں کو بھی نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اس تاریخی کامیابی کی بنیاد پر خلائی تحقیق کے شعبے میں مزید پیش رفت کرے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن پر ذیشان علی کی موجودگی پاکستان اور چین کے دیرینہ تزویراتی تعاون پر مبنی تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
دوطرفہ تعلقات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی، جسے روایتی طور پر ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیا جاتا ہے، اب کائنات کی وسعتوں کی طرح لامحدود ہوچکی ہے۔
گفتگو کے دوران ذیشان علی نے کہا کہ زمین کے مدار میں پہنچنے والے پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز کی حیثیت سے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
پاکستان ایئر فورس کے 40 سالہ سابق پائلٹ نے کہا کہ تمام سرگرمیاں منصوبے کے مطابق جاری ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور سائنسی تحقیق کا کام قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’یہاں سب کچھ بہت اچھا اور منصوبے کے مطابق جاری ہے، اور میں اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق کا کام پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی بھرپور کوشش کررہا ہوں۔‘‘
نوجوانوں کو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہوئے ذیشان علی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی آئندہ نسل کے خلا باز، انجینئرز اور سائنس دان خلا میں مزید دور تک سفر کریں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے تحقیق میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا، ’’مجھے امید ہے کہ خلا بازوں، انجینئرز اور سائنس دانوں کی اگلی نسل خلا میں مزید دور تک سفر کرے گی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے مزید تحقیق کرے گی۔‘‘
اس سے قبل سپارکو کے چیئرمین نے بتایا کہ ذیشان علی پاکستانی جامعات کے تیار کردہ چار سائنسی تجربات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کی حمایت سے پاکستان کا خلائی پروگرام مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔
ذیشان علی کو اپریل 2026 میں چین کے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ منتخب ہونے والے دو پاکستانی امیدواروں میں شامل تھے، جبکہ ان کے ساتھی پائلٹ خرم داؤد متبادل امیدوار ہیں۔ انہوں نے بیجنگ میں چین کے خلائی مرکز میں سات ماہ تربیت حاصل کی، جس کے دوران انہیں خلائی جہاز کے نظام، خلائی اسٹیشن کے آپریشنز، سائنسی طریقہ کار، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور چینی زبان کی خصوصی تربیت دی گئی۔
وہ اس مشن میں سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ پاکستان اور چین کے چار مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں حصہ لے رہے ہیں، جن کا تعلق مادّوں کی سائنس اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی سے ہے۔
ان منصوبوں میں گرافین پر مبنی مرکب مواد، خود مرمت ہونے والے کاربن فائبر مرکبات، بے وزنی کی کیفیت میں کوئنوا کے بیجوں پر اثرات اور خردبینی کائی (مائیکرو الجی) اور سائنو بیکٹیریا سے متعلق تحقیقات شامل ہیں۔

























Comments