کراچی، عمارت حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی
- ریسکیو اہلکاروں نے اتوار کو ملبے سے ایک اور لاش نکال لی
کراچی کے بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے، ریسکیو اہلکاروں نے اتوار کو ملبے سے ایک اور لاش نکال لی، جبکہ جائے وقوع پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
لاش شاہراہ فیصل کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے نکالی گئی، جہاں ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق 15ویں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد مفید ولد غامین گل کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 سمیت مختلف امدادی ٹیمیں بھاری مشینری اور خصوصی آلات کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کا کام کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچ کالونی کے قریب یہ عمارت بدھ کے روز منہدم ہوئی تھی، جس کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
تازہ لاش ملنے کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل ملبے تلے 55 گھنٹے تک دبے رہنے والے دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا تھا، تاہم دونوں زخمی حالت میں تھے۔ ریسکیو ٹیمیں تاحال ممکنہ طور پر ملبے تلے موجود دیگر افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔


























Comments