پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اتحاد کا اجلاس 27، 28 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا
- سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں، ذرائع
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی دفاعی معاہدے سے متعلق اہم اجلاس رواں ہفتے اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پاکستانی ذرائع نے جمعرات کو خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اجلاس جمعہ اور ہفتہ کو ہوگا۔
یہ پیش رفت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اس بیان کے تقریباً 10 روز بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نومبر کے آخری حصے میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا آئندہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرے گا۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ سہ فریقی دفاعی انتظام کی اعلیٰ سطح کمیٹی نومبر کے اختتام پر اجلاس کرے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس ادارے کی اعلیٰ سطح کمیٹی رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں اجلاس منعقد کرے گی، جس سے معاہدے کے تحت مشاورت کے اگلے مرحلے کی میزبانی میں پاکستان کا کردار واضح ہوتا ہے۔
یہ اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا تیسرا اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل اس کمیٹی کے اجلاس استنبول اور ریاض میں منعقد ہو چکے ہیں۔
تینوں ممالک نے خطے میں کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کی ایران کے خلاف بڑھتی ہوئی جارحانہ کارروائیوں کے تناظر میں گزشتہ سال اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
ترکیہ کے پاس نیٹو کی دوسری بڑی فوج ہے۔
سعودی عرب اسلام کے مقدس ترین مقامات کا مرکز ہونے کے ساتھ دنیا کے بڑے تیل برآمد کنندگان میں بھی شامل ہے۔ پاکستان مسلم دنیا کا واحد جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک ہے۔
























Comments