حکومتی قرضوں کا بڑھتا بوجھ پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے خطرہ بن گیا
- ’’پائیدار معاشی ترقی ایسے مالیاتی نظام سے ممکن نہیں جس کا سب سے بڑا صارف خود حکومت ہو۔‘‘
پاکستان کا مالیاتی نظام حکومت کی بڑھتی ہوئی قرض لینے کی خواہش کے باعث بتدریج اس کے شکنجے میں جکڑتا جا رہا ہے۔ عالمی بینک اس کے خطرات سے خبردار کرتا رہا ہے اور اس حوالے سے بارہا تنبیہ بھی کر چکا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ ’’فنانس اینڈ پراسپیریٹی 2026‘‘ میں ایک ایسی تنبیہ کی گئی ہے جسے پاکستان کے پالیسی ساز کسی صورت نظرانداز کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ملک کا مالیاتی شعبہ ضرورت سے زیادہ حکومتی قرض گیری، مسلسل مالیاتی عدم توازن اور غیر ترقی یافتہ سرمایہ جاتی منڈیوں کے باعث بدستور خطرات سے دوچار ہے۔ تاہم حکومتی غیر ضروری اخراجات میں شاہ خرچیوں کو دیکھتے ہوئے یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ پالیسی سازوں نے اس تنبیہ کو اپنی پالیسیوں میں کس حد تک ملحوظِ خاطر رکھا ہے۔
پاکستان ایک خطرناک مالیاتی بندوبست میں پھنس چکا ہے۔ حکومت مقامی بینکوں سے بڑے پیمانے پر قرض حاصل کر رہی ہے، بینکوں کو کاروباری اداروں کو قرض دینے کے مقابلے میں حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری زیادہ پُرکشش دکھائی دیتی ہے، جبکہ پیداواری معاشی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مالیاتی نظام کو کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ہونا چاہیے، لیکن یہ بتدریج حکومتی اخراجات پورے کرنے کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
عالمی بینک نے حکومت اور بینکوں کے درمیان جس گٹھ جوڑ کی نشاندہی کی ہے، وہ محض ماہرینِ معاشیات کے لیے کوئی تکنیکی تشویش کا معاملہ نہیں بلکہ معاشی خوشحالی کی بنیادوں پر ضرب لگاتا ہے۔ جب بینک اپنے مالی وسائل کا بڑا حصہ مالیاتی خسارہ پورا کرنے کے لیے مختص کر دیتے ہیں تو نجی کاروباری اداروں کے لیے قرضوں کا حصول محدود ہو جاتا ہے، کاروباری افراد کو اپنے کاروبار میں توسیع کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور صنعتی سرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے۔ یوں حکومت معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر مالی وسائل اپنے اخراجات پورے کرنے میں صرف کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ مالیاتی نظم و ضبط کا فقدان بھی اتنا ہی تشویش ناک ہے۔ پاکستان میں سرکاری سطح پر شاہ خرچیوں کو غیر معمولی حد تک برداشت کرنے کا رجحان بدستور برقرار ہے۔
بلاشبہ، صرف سرکاری شاہ خرچیوں کے خاتمے سے پاکستان کا مالیاتی بحران حل نہیں ہو سکتا۔ قرضوں پر سود اور اصل زر کی ادائیگی، محصولات کے ڈھانچے کی بنیادی کمزوریاں، سرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی اور اخراجات سے متعلق سخت مالیاتی پابندیاں کہیں بڑے چیلنجز ہیں۔ اس کے باوجود شاہ خرچیوں کی اہمیت مالیاتی اور اخلاقی، دونوں اعتبار سے مسلمہ ہے۔ یہ ایسے عوام میں مایوسی پیدا کرتی ہیں جن پر پہلے ہی بھاری بوجھ لادا جا چکا ہے اور جن سے مزید قربانیوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے مالی مشکلات کا ترجیحی حل ٹیکسوں میں اضافے کو سمجھا ہے، جبکہ انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، سرکاری شعبے کے نقصانات کم کرنے، غیر ہدفی سبسڈیز پر نظرثانی اور ادارہ جاتی اصلاحات جیسے مشکل فیصلے مسلسل مؤخر کیے جاتے رہے ہیں۔
اس طرزِ عمل کے نتائج اب زیادہ سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ مقامی بینکوں پر حد سے زیادہ انحصار خطرات کو ایک جگہ مرتکز کر دیتا ہے۔ اس صورتِ حال میں بینکوں کا مالیاتی استحکام حکومت کی مالیاتی صحت سے جڑ جاتا ہے، جبکہ حکومت اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے بینکوں کی مسلسل آمادگی اور مالی استعداد پر انحصار کرنے لگتی ہے۔ اگر حکومتی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر اعتماد میں نمایاں کمی آتی ہے تو اس کے اثرات پورے مالیاتی نظام میں دباؤ کی صورت منتقل ہو سکتے ہیں۔
دنیا بھر کے بینکاری نظاموں میں حکومتی سیکیورٹیز کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ خطرہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب حکومت کی جانب سے قرضوں کا حصول ضرورت سے زیادہ بڑھ جائے، مالیاتی ساکھ کمزور پڑنے لگے اور مالی وسائل کے متبادل ذرائع محدود ہوں۔ پاکستان کو عین اسی صورتِ حال سے خطرات لاحق ہیں۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے محض روایتی یقین دہانی کرانے کے بجائے عالمی بینک کی اس رپورٹ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے مالیاتی معاملات درست کرنے کا ایک قابلِ اعتبار پروگرام مرتب کرنا ہوگا، جس کے اہداف واضح ہوں اور پیش رفت کو بھی جانچا جا سکے۔ حکومتی اخراجات کا سختی سے جائزہ لیا جائے، خصوصی مراعات اور سہولتوں کو معقول بنایا جائے، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو کی جائے اور ٹیکسوں کا دائرہ منصفانہ انداز میں وسیع کیا جائے، بجائے اس کے کہ بار بار ٹیکس قوانین پر عمل کرنے والے موجودہ ٹیکس دہندگان ہی پر مزید بوجھ ڈال دیا جائے۔
اسی طرح مقامی بینکوں کو بھی ان کے بنیادی معاشی کردار کی طرف واپس لانے کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے، یعنی پیداواری کاروباری سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل فراہم کرنا۔ سرمایہ جاتی منڈیوں کو وسعت دینے، ضابطہ جاتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایسی مالیاتی نظام کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں جس کا سب سے بڑا صارف خود حکومت ہو۔
حکومت نے حال ہی میں ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی غیر معمولی ترقی کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔ یہ بلاشبہ ایک قابلِ ستائش اقدام ہے، تاہم جب تک ان اداروں کو مسابقتی شرائط پر مالی وسائل تک رسائی فراہم نہیں کی جاتی، اس مہم کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
پاکستان بیرونی مالی معاونت، قرضوں کی ادائیگی کی مدت میں توسیع اور مشکل معاشی استحکامی اقدامات کے ذریعے بارہا معاشی بحرانوں سے نکلتا رہا ہے۔ لیکن محض بحران سے نکل آنے کو معاشی بحالی نہیں سمجھنا چاہیے۔ عارضی مالی سہارا بنیادی معاشی اصلاحات کا متبادل نہیں بن سکتا اور نہ ہی قرض لے کر حاصل کی گئی رقم دیرپا خوشحالی کی ضمانت دے سکتی ہے، جب تک حکومتی اخراجات اور مالیاتی معاملات چلانے کے موجودہ طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی نہ لائی جائے۔
عالمی بینک نے پاکستان کے مالیاتی شعبے کو درپیش خطرات کی نشاندہی کر دی ہے، اب ان سے نمٹنے کی پوری ذمہ داری پاکستان کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ موجودہ روش برقرار رکھنے سے مالیاتی نظام مزید کمزور ہونے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں کمی آنے اور ایک اور نسل کے آج کے سیاسی طبقے کی اصلاحات سے گریز کی قیمت چکانے پر مجبور ہونے کا خدشہ ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026




















Comments