کراچی میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے سالانہ عالمی تحقیقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان کو معاشی عروج و زوال کے بار بار دہرائے جانے والے چکروں سے نکالنے کے لیے برآمدات میں اضافہ، ملکی بچتوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مالیاتی منڈیوں کو مزید وسعت اور گہرائی دینا ضروری ہے۔
معاشی عروج و زوال کے یہ بار بار دہرائے جانے والے چکر اور ماضی کی حکومتوں کی جانب سے مانیٹری اور فسکل پالیسیوں کے تحت دی جانے والی مراعات کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں میں عارضی تیزی، ان حقائق کی عکاسی کرتے ہیں جن کی نشاندہی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ستمبر 2024 میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق جاری کردہ دستاویزات میں کی تھی۔
آئی ایم ایف نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی معیشت میں عروج و زوال کے بار بار آنے والے ادوار اور اس کی معاشی پالیسیوں کے درمیان گہرا تعلق ہے۔ مالیاتی اور زری پالیسیوں کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بار بار کی جانے والی کوششیں پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل نہیں ہوسکیں کیونکہ ملکی طلب پاکستان کی پائیدار معاشی استعداد سے تجاوز کر گئی۔ اس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ ہوا اور زرمبادلہ ذخائر میں کمی واقع ہوئی جس کی ایک بڑی وجہ شرحِ مبادلہ کو مستحکم رکھنے کی مضبوط سیاسی ترجیح تھی۔ ہر آنے والے معاشی بحران نے پاکستان کی پالیسی سازی کی ساکھ اور سرمایہ کاری کے رجحان کو مزید نقصان پہنچایا، لہٰذا دو اہم نکات قابلِ غور ہیں۔
یہ امید کی جانی چاہیے کہ موجودہ معاشی قیادت روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ میں مداخلت سے گریز کرے گی۔ یہ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا خاص طرزِ عمل رہا ہے جو پاکستان کے چار مرتبہ وزیرِ خزانہ رہ چکے ہیں۔ ان کے قائدِ جماعت نواز شریف نے حال ہی میں مظفرآباد، آزاد جموں و کشمیر میں 100 روزہ ترقیاتی منصوبے کی نقاب کشائی کے موقع پر اپنے خطاب میں ایک بار پھر ان کی تعریف کی۔ اسحاق ڈار کی اسی پالیسی کے نتیجے میں 2022 اور 2023 کے اوائل میں ملک میں شرحِ تبادلہ کے متعدد نرخ رائج ہو گئے تھے۔
اس پالیسی کے نتیجے میں سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر میں 4 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی جس نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے انتہائی قریب پہنچا دیا۔ اس بحران سے صرف اسی وقت بچا جاسکا جب حکومت نے آئی ایم ایف کے چوبیسویں پروگرام سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں دیگر تمام بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں بڑے پیمانے پر اتار چڑھاؤ کے باوجود روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ غیر معمولی حد تک مستحکم رہی ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ آئی ایم ایف کی اسی دستاویز میں حکومت کی جانب سے اشیا کی قیمتوں کے تعین میں مداخلت کو بھی ناپسند کیا گیا تھا۔ اس میں زرعی اجناس، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس (جن کی قیمتوں میں سال میں دو مرتبہ ردوبدل کیا جاتا ہے) کی قیمتوں کا تعین، نیز بلند درآمدی محصولات اور دیگر تجارتی پابندیاں شامل ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق ان پالیسیوں نے مخصوص گروہوں یا شعبوں کے حق میں مقابلے کے یکساں مواقع کو متاثر کیا ہے۔ اتنی زیادہ حکومتی معاونت کے باوجود کاروباری شعبہ معاشی ترقی کا محرک بننے میں ناکام رہا جبکہ ان مراعات نے بالآخر مسابقت کو کمزور کیا اور وسائل کو مسلسل غیر مؤثر صنعتوں، بشمول ایسی صنعتوں جو برسوں سے ابتدائی مراحل میں ہی پھنسی ہوئی ہیں میں محدود کر دیا۔ اگرچہ دوسری عالمی جنگ کے بعد جاپان اور جرمنی نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل کو کامیابی سے اپنایا لیکن پاکستان کی برآمدات کا بڑا حصہ ملکی ضروریات سے زائد پیداوار پر مشتمل ہے جس میں اضافی قدر بھی کم ہوتی ہے۔ پاکستان کو ایسی صنعتی بنیاد قائم کرنے کی ضرورت ہے جو خصوصی طور پر برآمدات کے لیے پیداوار کرنے پر مرکوز ہو۔
قومی بچت مراکز میں ملکی بچتوں کا حجم تقریباً 3 ہزار ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، تاہم حکومت اس پوری رقم کو اپنے جاری اخراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے اور اسے غیر مالیاتی قرض کے طور پر شمار کرتی ہے۔ شاید زیادہ مناسب طریقہ یہ ہو کہ نجی شعبے کو یہ بچتیں نجی سرمایہ کاری کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ ملک میں مقامی سرمایہ کاری کا حجم ملکی بچتوں سے کم ہے جبکہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ یہ صورتحال ملکی معیشت کی مجموعی حالت کی عکاسی کرتی ہے اور آج بھی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔
افسوس کہ پاکستان کی مقامی مالیاتی منڈیاں بھی حکومت کے زیرِ انتظام شعبوں، بالخصوص توانائی کے شعبے کے حد سے زیادہ زیرِ اثر ہیں۔ مزید یہ کہ نقد ذخائر کی لازمی شرح میں حالیہ اضافہ بلاشبہ ان منڈیوں کو وسعت دینے کے بجائے انہیں کمزور کررہا ہے۔ معاشی استحکام اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بجٹ میں وسائل کی تقسیم کا رخ یکسر تبدیل کیا جائے۔ اس وقت بجٹ کے مجموعی حجم کا 93 فیصد جاری اخراجات پر صرف ہوتا ہے جسے کم کرکے ترقیاتی اخراجات کے لیے زیادہ وسائل مختص کرنے چاہییں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسی پیداواری بنیاد استوار کرنا بھی ناگزیر ہے جو زیادہ قدر افزا اور برآمدات پر مبنی مصنوعات کی تیاری پر توجہ دے۔ شعبہ جاتی کارکردگی میں بہتری کے لیے موجودہ ٹکڑوں میں بٹی ہوئی حکمتِ عملی کے بجائے ایک جامع نقطۂ نظر اپنانا ہوگا۔ اسی طرح بالواسطہ ٹیکسوں، جن کا بوجھ غیر متناسب طور پر غریب طبقے پر پڑتا ہے، کے بجائے ایسے ترقی پسند ٹیکس نظام پر انحصار کرنا چاہیے جو افراد کی ٹیکس ادا کرنے کی استطاعت کو مدِنظر رکھے۔ آخرکار بجٹ میں مختص کیے گئے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرضوں پر حد سے زیادہ انحصار بھی کم کرنا ہوگا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026

























Comments