صدر زرداری اور وزیراعظم کی ملاقات، تمام معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق
- ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات ہوئی
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حکمران اتحادی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کے تناظر میں تمام معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قیادت تمام معاملات پر مل بیٹھ کر بات چیت کرے گی اور انہیں باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ بیان میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کی گئی تھیں۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کے بعد حکمران اتحادی جماعتوں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں قائم اتحادی حکومت کے بعض فیصلوں اور اقدامات پر سوالات اٹھائے تھے، جس پر مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رہنماؤں نے سخت ردعمل دیا۔
اختلافات کی ایک اہم وجہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث بھی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جولائی میں انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور مزید انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پیش کی تھی، تاہم پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی سخت مخالف ہے۔
بلاول بھٹو نے منگل کو کراچی میں میٹ دی پریس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی کسی بھی زبردستی کوشش کے نتیجے میں خونریزی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز بھی مسترد کردی تھی۔
بلاول نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے طریقہ کار پر بھی تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہم قانون سازی میں باہمی اتفاق رائے ضروری ہے۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت کی کہ وہ آئینی ترمیم سے دستبردار نہیں ہو رہے بلکہ اہم قانون سازی میں وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کے خواہاں ہیں۔
























Comments