پاکستان نے ریاض میں شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ٹاور پر حوثیوں کے مشتبہ میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے اس کے حق کی حمایت کی۔
دفتر خارجہ نے ایک بیان میں اس حملے کو سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی جانیں خطرے میں پڑرہی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہورہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے قابلِ مذمت حملے فوری بند ہونے چاہییں۔
پاکستان نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔
اسلام آباد نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کا یہ بیان ریاض میں سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ کے ہیڈکوارٹر، پی آئی ایف ٹاور پر حوثیوں کے مشتبہ میزائل حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا۔
اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں عمارت کی سات سے آٹھ منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا حملہ تھا جس میں سعودی دارالحکومت کے مالیاتی ضلع کی ایک نمایاں عمارت کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل 8 نومبر کو ہونے والے حملے میں آرامکو کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
حکام نے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے داخلی راستے بند کر دیے اور علاقے میں موجود افراد کو وہاں سے نکال لیا جبکہ ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
معاملے سے واقف تین ذرائع نے بتایا کہ عمارت کو حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل نے نشانہ بنایا تھا۔
حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت کے اتحاد نے کہا کہ اس نے ریاض کی جانب داغے گئے میزائل کے خطرے سے نمٹ لیا ہے۔ اتحاد کے ابتدائی جائزے کے مطابق میزائل کا ملبہ گرنے سے عمارت کو مادی نقصان پہنچا۔

























Comments