امریکہ ایران جنگ کے باعث پھنسا چینی سپر ٹینکر 2 ماہ بعد آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب
- 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے کسی چینی آئل ٹینکر کا آبنائے ہرمز سے یہ تیسرا معلوم گزر ہے
جہاز رانی کے ڈیٹا فراہم کرنے والے اداروں ایل ایس ای جی اور کیپلر کے مطابق عراقی خام تیل کے 20 لاکھ بیرل سے لدا ہوا ایک چینی سپر ٹینکر بدھ کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب رہا۔ یہ ٹینکر امریکہ ایران جنگ کی وجہ سے دو ماہ سے زائد عرصے سے خلیج میں پھنسا ہوا تھا۔
ایل ایس ای جی کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ویری لارج کروڈ کیرئیر یوان ہوا ہواب خلیج عمان کے ساحل کے قریب لنگر انداز ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں امریکی بحریہ نے ایرانی بحری جہازوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اگلے دو روز میں ملاقات ہونے والی ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔
جہاز رانی کے ڈیٹا کے مطابق 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے کسی چینی آئل ٹینکر کا آبنائے ہرمز سے یہ تیسرا معلوم گزر ہے۔
معاملات سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول مزید سخت کر دیا ہے اور خطے سے تیل اور مائع قدرتی گیس (این این جی) کی ترسیل کے لیے عراق اور پاکستان کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دیگر ممالک بھی اسی طرح کے معاہدوں پر غور کر رہے ہیں، جس سے اس آبی گزرگاہ پر تہران کا کنٹرول مزید مستحکم ہو سکتا ہے۔
یہ چینی سپر ٹینکر کوسکو شپنگ انرجی ٹرانسپورٹیشن کے ہینان یونٹ کی ملکیت ہے اور اسے چینی سرکاری کمپنی ’سینوپیک‘ کے تجارتی ونگ ’یونی پیک‘ نے چارٹر کیا ہوا ہے۔ کوسکو شپنگ اور سینوپیک نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یوان ہوا ہو نے مارچ کے اوائل میں عراق کے بصرہ ٹرمینل سے تقریباً 20 لاکھ بیرل ’بصرہ میڈیم‘ خام تیل لدا تھا اور اب تک خلیج کے اندر پھنسا ہوا تھا۔ اس کی منزل ایشیا ہے۔
اس سے قبل 11 اپریل کو چینی پرچم بردار جہازوں ’کوس پرل لیک اور ہی رونگ ہائی نے آبنائے ہرمز سے خروج کیا تھا۔
ڈیٹا اینالیٹکس کے ماہرین سن میکس کے سیٹلائٹ تجزیے اور میرین ٹریفک پلیٹ فارم کے الگ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گاڑیوں کی ترسیل کرنے والے ایک اور جہاز ’ژیانگ جیانگ کو‘ نے بھی آبنائے ہرمز عبور کیا ہے۔ اس جہاز نے اپنے ’اے آئی ایس‘ پبلک ٹرانسپونڈر پر ”چینی جہاز اور عملہ“ کا پیغام نشر کیا تھا۔ یہ جہاز سنگاپور میں رجسٹرڈ گروپ ’شن ین چوانگ یوآن 6 تیانجن‘ کے زیر انتظام ہے۔
























Comments