کے الیکٹرک کو مالی گوشواروں کے بیک لاگ کے خاتمے اور سالانہ اجلاس منعقد کرنے کیلئے مارچ 2026 تک مہلت
- کمپنی تمام ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے ، کے الیکٹرک
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے کے الیکٹرک لمیٹڈ (کے ای ) کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالی سال 2024 اور 2025 کے بقایا سالانہ مالی گوشوارے جمع کروائے اور سالانہ عام اجلاس (اے جی ایم ایز ) 31 مارچ 2026 تک منعقد کرے۔
یہ ہدایت 2 دسمبر 2025 کو جاری کی گئی، جس کا تعلق کے الیکٹرک کی جانب سے 20 اکتوبر 2025 کی سابقہ ڈسکلوزر سے ہے۔ اسٹاک ایکسچینج نے واضح کیا کہ کے ای اپنے کنٹرول میں موجود تمام ضروری اقدامات کرے ،تاکہ تمام ریگولیٹری تقاضوں کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔
کے الیکٹرک نے اکتوبر میں اپنا اے جی ایم مؤخر کیا تھا جو 11 نومبر 2025 کو شیڈول تھا، اس کی وجہ نیپرا میں جاری ٹیرف سے متعلقہ کاروائیوں کے باعث پیدا شدہ غیر یقینی صورتحال بتائی گئی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2024 کے لیے سالانہ مالی گوشواروں کی ستمبر میں منظوری دے دی تھی۔
تاہم کمپنی کے آڈیٹرز نے بین الاقوامی آڈٹنگ اسٹینڈرڈز کے مطابق نیپرا میں زیر التواء کارروائیوں کے ممکنہ مالی اثرات پر مینجمنٹ کی نمائندگی طلب کی، جس کے بعد حتمی آڈٹ رپورٹ جاری کی جائے گی۔
نیپرا نے وزارت توانائی، کے الیکٹرک اور دیگر فریقین کی جانب سے ٹیرف، جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹریبیوشن اور سپلائی کے حوالے سے دائر کیے گئے ری کنسیڈریشن اور ریویو موشنز کی سماعت کی۔
کے الیکٹرک کے مطابق اب تک ان کارروائیوں کے فیصلے کا انتظار ہے اور اس غیر معمولی صورتحال کے باعث کمپنی کے لیے مالی گوشواروں کے حتمی اثرات کا درست تخمینہ لگانا ممکن نہیں۔

























Comments
Comments are closed.