ایران کا امریکی ناکہ بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان، مہنگائی پر قابو پانے کی کوششیں
- تہران کو کئی دہائیوں کے دوران مہنگائی کی بدترین لہر کا سامنا ہے، جس کی بنیادی وجہ ایران میں جاری جنگ ہے جسے شروع ہوئے تقریباً نو ماہ ہوچکے ہیں
ایران کے نائب اول صدر نے بدھ کے روز کہا ہے کہ تہران کو امریکی بحری ناکہ بندی کی کوئی تشویش نہیں، کیونکہ دیگر سرحدوں کے راستے ملک میں آنے والے مال بردار سامان کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران کو کئی دہائیوں کے دوران مہنگائی کی بدترین لہروں میں سے ایک کا سامنا ہے، جس کی بنیادی وجہ تقریباً نو ماہ سے جاری جنگ ہے۔ اس دوران بالخصوص غذائی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
امریکا نے جولائی میں ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کردی تھی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں اس نے ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے ہتھیاروں اور پابندیوں کی زد میں آنے والے سامان کی نقل و حرکت روکنے کے لیے ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
محمد رضا عارف نے کہا، ’’جنوبی سرحدوں کے علاوہ دیگر سرحدی راستوں سے سامان اتارنے اور کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں اضافے سے یہ پیغام ملتا ہے کہ ہمیں دشمن کی بحری ناکہ بندی کی کوئی تشویش نہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک اشیاء کے ذخائر مستحکم اور رسد وافر مقدار میں موجود ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔
محمد رضا عارف نے کہا کہ حکومت کم از کم آئندہ تین ماہ تک بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایک الگ اجلاس میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے طبقات کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بجٹ کے زیادہ وسائل اور توانائی کی بچت سے حاصل ہونے والی رقوم مختص کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایران کے شماریاتی مرکز کے مطابق، اکتوبر میں ملک میں اشیائے صرف کی قیمتیں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 88.7 فیصد زیادہ رہیں، جبکہ سالانہ اوسط مہنگائی کی شرح بڑھ کر 76.8 فیصد ہوگئی۔ اس دوران غذائی اشیاء اور مشروبات کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 112.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔




















Comments