ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری جاری
انٹربینک مارکیٹ پیر کو بھی ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید تگڑا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.50 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ ہفتے کو مقامی کرنسی 276.51 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں ایشیائی کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ ہفتے حصص بازاروں میں شدید مندی کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں جارحانہ اضافے کے امکانات کم ہونے سے ڈالر دباؤ کا شکار رہا۔
یورو کی قدر میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1.0974 ڈالر پر پہنچ گیا، جبکہ آسٹریلوی ڈالر 0.2 فیصد اضافے سے 0.6629 ڈالر کا ہوگیا۔ برطانوی پاؤنڈ 1.3091 ڈالر پر مستحکم رہا، جبکہ نیوزی لینڈ ڈالر بھی 0.5474 ڈالر پر برقرار رہا۔
جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر 0.2 فیصد اضافے سے 158.63 ین پر پہنچ گیا۔ ڈالر انڈیکس 103.80 پر مستحکم رہا، جو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر ظاہر کرتا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی معمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کرتی رہیں۔ مشرق وسطیٰ میں جہاز رانی اور آئل ریفائنریوں پر حملوں کے باعث تیل کی رسد سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔ برینٹ خام تیل 10 سینٹ اضافے سے 92.67 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 16 سینٹ اضافے سے 83.57 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ گزشتہ ہفتے برینٹ کی قیمت میں 4 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
























Comments