پاکستانی خلا باز ذیشان علی چین کے خلائی مشن شینژو 24 کا حصہ بننے کے لیے تیار
- 25 کروڑ پاکستانیوں کی اُمیدیں ساتھ لے کر جارہا ہوں، پیغام
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بدھ کو روانہ کیے جانے والے چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو-24 کے عملے میں شامل ہوں گے۔ اس مشن کے تحت وہ نہ صرف چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی بلکہ پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن جائیں گے۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق ذیشان علی چینی خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ پے لوڈ اسپیشلسٹ (خلائی سامان اور تجربات کے امور کے ماہر) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ خلائی جہاز بدھ کو چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔
مشن سے متعلق اعلان منگل کو لانچ سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ سی ایم ایس اے کے مطابق خلائی مشن کے عملے کی صحت اچھی ہے اور روانگی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے شین ژو 24 خلائی مشن سے قبل اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ کئی پاکستانیوں کے خواب اپنے ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں یہ پرواز اپنے لیے نہیں کررہا۔ میرے کندھوں پر پاکستان کا نام اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ہیں۔
مدار میں مختصر قیام مکمل کرنے کے بعد شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
حکام کے مطابق، شینژو-24 خلائی جہاز لانگ مارچ-2 ایف راکٹ کے ذریعے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔ یہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کا 41 واں خلائی مشن ہے جس کے دوران مدار میں شینژو-23 کے عملے کے ساتھ تبدیلی کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مدار میں پہنچنے کے بعد عملے کے ارکان خلائی اسٹیشن پر طے شدہ تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سائنسی تجربات بھی کریں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں اس مشن کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ روانگی سے قبل جیوچوان خلائی مرکز میں ان کی ذیشان علی سے ملاقات ہوئی تھی۔
احسن اقبال نے بتایا کہ ملاقات کے دوران پاکستان کے ایک اور خلا باز خرم داؤد بھی ذیشان علی کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے اپنی تربیت مکمل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں ان خلا بازوں کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ تعلیم، تجربات اور پختہ عزم کے ذریعے اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع کے دروازے کھول سکتی ہیں جنہیں وہ کبھی اپنی پہنچ سے باہر سمجھتے تھے۔


















Comments