پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کو اپ گریڈیشن کیلئے 30 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی فنانسنگ درکار
- بروکریج ہاؤس کے مطابق، 1.2 ارب ڈالر کے منصوبے کی صورت میں تقریباً 30 کروڑ ڈالر پالیسی کے تحت کسٹمز ڈیوٹی میں مراعات کے ذریعے فراہم کیے جانے کی توقع ہے
پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کمپنی سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ اپنے مجوزہ 1.2 ارب سے 1.5 ارب ڈالر کے ریفائنری اپ گریڈ منصوبے کے لیے 15 کروڑ سے 30 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی منصوبہ جاتی فنانسنگ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے سلسلے میں کمپنی کے امریکی اور مشرقِ وسطیٰ کے مالیاتی اداروں سے مذاکرات جاری ہیں۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تحقیقی نوٹ کے مطابق، کمپنی کی انتظامیہ نے منگل کو کارپوریٹ بریفنگ سیشن کے دوران بتایا کہ اس سلسلے میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (یو ایس ایکزم بینک)، امریکی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) اور مشرقِ وسطیٰ کے قرض دہندگان کے ساتھ حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے۔
بروکریج ہاؤس کے مطابق، 1.2 ارب ڈالر کے منصوبے کی صورت میں تقریباً 30 کروڑ ڈالر پالیسی کے تحت کسٹمز ڈیوٹی میں مراعات کے ذریعے فراہم کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ بقیہ 90 کروڑ ڈالر اسپانسرز اور قرض دہندگان کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔
سینرجیکو اس اپ گریڈ منصوبے کو تین مراحل میں مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پہلے مرحلے میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی پیداوار کو یورو فائیو معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں فرنس آئل کو دیگر مصنوعات میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ تیسرے مرحلے میں پیداواری صلاحیت اور بندرگاہی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔
تحقیقی نوٹ کے مطابق، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنی ریفائنری اپ گریڈ کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے دیگر مقامی ریفائنریوں سے آگے ہے۔
کمپنی ریفائن شدہ مصنوعات کی برآمدات میں سہولت کے لیے دوسرے سنگل پوائنٹ مورنگ (ایس پی ایم) کی تنصیب کے سلسلے میں سرمایہ کاروں سے ابتدائی مذاکرات بھی کر رہی ہے۔ ایس پی ایم سمندر میں قائم ایک تنصیب ہے، جسے خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ریفائنری اپ گریڈ منصوبے کا مقصد زیادہ قدر کی حامل ایندھن مصنوعات کی پیداوار بڑھانا اور فرنس آئل کی پیداوار کم کرنا ہے۔ پاکستان اپنے ریفائننگ شعبے کو جدید بنانے اور درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ، جس کا سابقہ نام بائیکو پیٹرولیم پاکستان لمیٹڈ تھا، 2007 سے آئل ریفائننگ اور پیٹرولیم مارکیٹنگ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔
کمپنی بلوچستان کے علاقے حب میں ریفائننگ کمپلیکس کی مالک اور اسے چلاتی ہے، جہاں دو آئل ریفائنریاں قائم ہیں جن کی مجموعی یومیہ خام تیل پراسیسنگ صلاحیت ایک لاکھ 56 ہزار بیرل تک ہے۔ کمپنی ملک بھر میں بائیکو برانڈ کے تحت 450 سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس کے نیٹ ورک کے ذریعے ایندھن تقسیم کرتی ہے۔
سینرجیکو بلوچستان کے قریب گہرے سمندر میں خام تیل اور ریفائن شدہ مصنوعات کے لیے پاکستان کا پہلا اور واحد سنگل پوائنٹ مورنگ (ایس پی ایم) ٹرمینل بھی چلاتی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کے پاس پاکستان میں خام تیل اور ریفائن شدہ مصنوعات ذخیرہ کرنے کی بڑی ترین سہولیات میں سے بعض موجود ہیں۔





















Comments