امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پانے پر بھارتی درآمدات پر ٹیرف 17 فیصد تک محدود ہوگا، امریکی تجارتی نمائندہ
- نئی دہلی اور واشنگٹن نے فروری میں تجارتی معاہدے کے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت بھارت کی بیشتر مصنوعات پر عائد اضافی امریکی ٹیرف 50 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کر دیا گیا تھا
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اگر نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو امریکا بھارت سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر ٹیرف 17 فیصد تک محدود کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ طے نہ پانے کی صورت میں بھارتی مصنوعات پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 14 تجارتی شراکت داروں پر محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے میں پیداواری صلاحیت کی ساختی زیادتی کا مقابلہ کرنا ہے۔
امریکا نے بھارت کی صنعتی شعبے میں توسیع کی پالیسیوں، محنت کشوں کے ناکافی تحفظ، مالیاتی دباؤ، منڈیوں تک رسائی میں رکاوٹوں اور عالمی سطح پر پیداواری صلاحیت کی اضافی مقدار سے نمٹنے میں ناکامی کو غیر منصفانہ تجارتی طریقے قرار دیا ہے۔ اس میں غیر منڈی معیشتوں سے درآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے حاصل ہونے والی اشیا پر انحصار بھی شامل ہے۔
امریکی مؤقف کے مطابق، ان پالیسیوں سے امریکی صنعت کاروں، برآمدات، روزگار اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ غیر منڈی معیشتوں سے خام مال اور دیگر اشیا پر انحصار کے باعث معاشی سلامتی کے خطرات بھی بڑھتے ہیں۔ واشنگٹن نے بالخصوص ادویہ سازی، طبی آلات، اسٹیل، شمسی توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کا حوالہ دیا ہے۔
نئی دہلی اور واشنگٹن نے فروری میں تجارتی معاہدے کے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا تھا، جس کے نتیجے میں بھارت کی بیشتر مصنوعات پر عائد اضافی امریکی ٹیرف 50 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کر دیا گیا تھا۔ یہ محصولات اگست 2025 میں اس وقت عائد کیے گئے تھے جب مذاکرات کا سابقہ دور ناکام ہوگیا تھا۔
بعد ازاں امریکی سپریم کورٹ نے عالمی سطح پر وسیع پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہنگامی اختیارات کے استعمال کو کالعدم قرار دے دیا، جس کے نتیجے میں بنیادی ٹیرف کی شرح 10 فیصد مقرر کی گئی۔
تاہم دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان حتمی تجارتی معاہدہ تاحال طے نہیں پا سکا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔




















Comments