رسد میں اضافے کے خدشات غالب، خام تیل ایک فیصد سے زائد سستا
- خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.35 ڈالر یا 1.5 فیصد کمی سے 90.05 ڈالر فی بیرل ہوگئی
خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کو ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے گزشتہ روز ہونے والا اضافہ ختم ہوگیا۔ مارکیٹ میں طلب سے زائد رسد کے خدشات نے مشرقِ وسطیٰ میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں ممکنہ رکاوٹوں سے متعلق تشویش کو پیچھے چھوڑ دیا۔
گرینچ مین ٹائم (جی ایم ٹی) کے مطابق صبح 4 بج کر 10 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.35 ڈالر یا 1.5 فیصد کمی سے 90.05 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت بھی 1.35 ڈالر یا 1.7 فیصد گر کر 80.70 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
دونوں بینچ مارکس میں منگل کو 2 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔
این ایل آئی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ماہر اقتصادیات تسویوشی یونو کے مطابق، عالمی سطح پر تیل کی اضافی سپلائی کے تصورات قیمتوں کو محدود رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر حملوں اور سعودی عرب و حوثیوں کے درمیان حملوں کے تبادلے نے اس رجحان کے برقرار رہنے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال بڑھا دی ہے۔
اوپیک پلس کے وزرا 29 نومبر کو اجلاسوں کے سلسلے میں 2027 کی پیداوار پالیسی کا فیصلہ کریں گے، جس پر مارکیٹ کی توجہ مرکوز ہے۔
عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ سے برآمدات کی بحالی عالمی طلب سے تیز ہونے کے باعث چوتھی سہ ماہی میں تیل کی مارکیٹ دوبارہ اضافی سپلائی کا شکار ہوسکتی ہے۔
ادھر لیبیا کی شرارہ آئل پائپ لائن دوبارہ کھول دی گئی ہے، جبکہ عراق اوپیک پلس سے اپنی خام تیل کی پیداواری صلاحیت کا تخمینہ بڑھانے کا مطالبہ کررہا ہے۔ چین اور بھارت رواں سال روسی تیل کی ریکارڈ درآمدات کے لیے بھی تیار ہیں۔
امریکی خام تیل کے ذخائر میں 20 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 1.5 ملین بیرل اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔





















Comments