لیبیا میں روسی جہاز پر حملہ اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر کیا گیا، یوکرینی صدر زیلنسکی
- اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی
صدرِ یوکرین وولودیمیر زیلنسکی نے اعتراف کیا ہے کہ لیبیا کے ایک بحری اڈے پر روسی جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا یوکرین کا آپریشن یورپی اتحادیوں کے ساتھ پیشگی مشاورت کے بغیر انجام دیا گیا تھا۔
زیلنسکی نے جمعے کی شب بتایا کہ انہوں نے اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں زیلنسکی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ان امور پر تبادلۂ خیال کیا جن سے وہ اس وقت نمٹ رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ ضروری ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا میں حالیہ آپریشن یورپی شراکت داروں کے ساتھ پیشگی رابطہ کاری کے بغیر کیا گیا تھا۔
میلونی اس سے قبل خبردار کرچکی ہیں کہ یوکرین کو روس کے ساتھ جاری جنگ کو بحیرۂ روم تک پھیلنے سے روکنا چاہیے۔ فروری 2022 میں روس کے مکمل پیمانے پر حملے کے بعد یہ جنگ اب پانچویں سال میں داخل ہو چکی ہے۔
یوکرین نے رواں ماہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے بحری ڈرونز نے لیبیا کے شہر بن غازی میں ایک بحری اڈے پر روسی جنگی جہاز مرکوریکو ڈبو دیا جبکہ لیبیا کے ساحل کے قریب ایک روسی مال بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا۔ کیف کے مطابق یہ جہاز ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔
یوکرین کا مؤقف ہے کہ اس آپریشن کا ہدف روس کی فوجی صلاحیتیں تھیں، نہ کہ لیبیا خود۔
زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام تمام ضروری معلومات کا تبادلہ یقینی بنائیں گے اور براہِ راست، باقاعدہ اور مؤثر رابطہ برقرار رکھیں گے۔


























Comments