افغانستان: اسکول کے قریب دھماکے میں 7 طلبہ جاں بحق، 99 زخمی
- دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کی کمپنیوں کے زیرِ استعمال دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے ایک گودام میں ہوا، ترجمان
افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 99 تک زخمی ہوگئے۔
طالبان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کی کمپنیوں کے زیرِ استعمال دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے ایک گودام میں ہوا۔
ترجمان کے مطابق دھماکا ضلع اسدآباد کے علاقے اندرصیر میں پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں اور انکوائری مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
اگست میں افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک تعلیمی مرکز میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 42 بچے زخمی ہو گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان کے مطابق کابل کے ایک اسپتال میں کم از کم 35 زخمی طلبہ کو داخل کیا گیا تھا جس نے بتایا کہ تمام زخمی بچوں کی عمریں 10 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔


























Comments