وفاقی وزیرِ توانائی کی وزیرِ اعظم کو پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس پر بریفنگ
- دونوں ممالک کا بہتر مارکیٹ رسائی، سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنا کر تجارتی ہدف کے حصول پر اتفاق
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے 11ویں اجلاس کے نتائج کے بارے میں بریفنگ دی جو ان کے حالیہ دورۂ ماسکو کے دوران منعقد ہوا تھا۔
یہ بریفنگ دونوں ممالک کے درمیان 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے اور اقتصادی تعاون کے پانچ سالہ پروگرام (2026-2030) پر دستخط کے بعد دی گئی۔ اس پروگرام کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام کے ساتھ ساتھ 11ویں بین الحکومتی کمیشن کے پروٹوکول پر ماسکو میں ہونے والے اجلاس کے دوران دستخط کیے گئے جس کی مشترکہ صدارت اویس لغاری اور روس کے وزیرِ توانائی سرگئی تسیولیف نے کی۔
دونوں ممالک نے بہتر مارکیٹ رسائی، سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنا کر تجارتی ہدف کے حصول پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے 10ویں اجلاس کی پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ممالک نے سابقہ وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں دونوں ممالک نے پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل کا خیرمقدم کیا۔
پاکستان کا ٹڈاپ اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ میں سہولت فراہم کریں گے جبکہ فریقین اپنے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مراعات سے متعلق معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔
مذاکرات میں توانائی شعبے میں تعاون کو نمایاں اہمیت حاصل رہی جس میں تیل اور گیس کی تلاش، ایل این جی کی فراہمی اور گیس کی تقسیم کے امور شامل تھے۔ پاکستان اپنے زمینی اور سمندری تیل و گیس کے ذخائر میں سرمایہ کاری کے مواقع روسی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کرے گا۔ تعاون کا دائرہ توانائی کی بچت کے معیارات اور کولڈ اسٹوریج کی سہولیات تک بھی بڑھایا جائے گا۔
دونوں ممالک نے دھات سازی، بھاری گاڑیوں، زرعی مشینری اور معدنیات کی تلاش کے شعبوں میں صنعتی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی۔
صحت کے شعبے میں دونوں فریقین نے انسولین کی مقامی سطح پر تیاری، کلینیکل ٹرائلز اور ادویات کی رجسٹریشن کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
زرعی شعبے میں تعاون کا محور مویشیوں کی افزائشِ نسل، ویٹرنری ویکسینز، ماہی گیری، آبی زراعت اور زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن ہوگا۔
ٹرانسپورٹ شعبے میں ایک اہم اقدام کے طور پر روس کے لیے آزمائشی مال بردار ٹرین جلد شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ دونوں ممالک نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے، پاکستان ریلوے کے افسران کی تربیت، جدید ذہین ٹرانسپورٹ نظام اور سڑکوں کو جدید بنانے کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا۔
تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں دونوں فریقین نے اعلیٰ تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون اور تعلیمی اسناد و قابلیت کو تسلیم کرنے سے متعلق تین بین الحکومتی معاہدوں پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے سرکاری فنڈز سے فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کا کوٹہ بھی بڑھا دیا ہے۔
مذاکرات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، قدرتی آفات سے نمٹنے، ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں اجلاس کی مشترکہ صدارت کرنے والے رہنماؤں نے طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے وزیرِ اعظم کو وزارتِ توانائی سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے بھی وزیرِ اعظم سے ملاقات کی اور انہیں ریلوے کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، ان پر عمل درآمد کی صورتحال اور وزارت سے متعلق دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے انہیں ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


























Comments