معاملے سے واقف دس افراد کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ نے رواں سال کے اوائل میں وینزویلا اور عراق کو تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کرنے کی ترغیب دی تھی جبکہ وینزویلا کو تنظیم کی سالانہ رکنیت فیس ادا کرنے سے بھی روک دیا تھا۔
یہ اقدامات جو اس سے قبل منظرِ عام پر نہیں آئے تھے، اوپیک کے پانچ بانی ارکان میں سے دو کو نشانہ بنانے کے مترادف تھے۔ اس طرح صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسی تنظیم کو براہِ راست چیلنج کیا جس پر وہ طویل عرصے سے تیل کی قیمتیں مصنوعی طور پر بلند رکھنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
معاملے سے واقف افراد کے مطابق اس وقت امریکی حکام دونوں ممالک پر تیل کی پیداوار اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے زور دے رہے تھے, تاہم بعض امریکی حلقوں کو خدشہ تھا کہ اوپیک کی جانب سے پیداوار کی مقرر کردہ حدیں مستقبل میں ان کوششوں کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وینزویلا پر امریکی دباؤ اس حد تک بڑھ گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو رواں موسمِ گرما میں مداخلت کرنا پڑی۔ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کو اس معاملے پر مزید دباؤ ڈالنے سے باز رہنے پر آمادہ کیا۔
معاملے سے واقف دو افراد کے مطابق، عراق کے وزیرِاعظم علی فالح الزیدی نے بھی رواں موسمِ گرما میں ایک حکومتی اجلاس کے دوران اوپیک سے علیحدگی کا امکان زیرِ غور لایا تھا۔ یہ پیش رفت امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد سامنے آئی جنہوں نے انہیں اس تجویز پر غور کرنے کی ترغیب دی تھی۔
ذرائع کے مطابق عراق کی وزارتِ تیل نے اس تجویز کی مخالفت کی اور وزیرِاعظم کو قائل کیا کہ وہ ملک کو تنظیم کا رکن برقرار رکھیں اور اس کے بجائے اوپیک سے تیل کی پیداوار کا زیادہ کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
امریکا کو ان دونوں ممالک پر خاصا اثر و رسوخ حاصل ہے۔ جنوری میں نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد وینزویلا کی سرکاری رقوم تک رسائی امریکی کنٹرول میں آ گئی ہے، جبکہ عراق کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی اب بھی نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک میں قائم ایک اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ یہ انتظام 2003 کی عراق جنگ کے بعد قائم کیا گیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا واشنگٹن نے وینزویلا کو اوپیک کی سالانہ رکنیت فیس ادا کرنے سے روکا تھا۔ تاہم، محکمے نے تصدیق کی کہ امریکا کو وینزویلا کی سرکاری رقوم کے استعمال سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ یہ رقوم مادورو کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد قائم کیے گئے امریکا کے زیرِ کنٹرول اکاؤنٹ میں رکھی گئی ہیں۔


























Comments