وسط مدتی انتخابات میں شکست کے باوجود ٹرمپ کا نئے محصولات عائد کرنے کا اعلان
- چین سمیت 14 تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز چین سمیت بڑی تجارتی طاقتوں پر نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز دے کر عالمی تجارتی کشیدگی ایک بار پھر بڑھا دی۔ امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست بھی انہیں تحفظِ تجارت کی پالیسی پر عمل پیرا رہنے سے نہ روک سکی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے 14 تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے میں پیداواری صلاحیت کی ساختی زیادتی کا مقابلہ کرنا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 20 فیصد ٹیرف چین پر عائد کرنے کی تجویز ہے۔ امریکا کا الزام ہے کہ چین اسٹیل، الیکٹرک گاڑیوں اور شمسی توانائی کی مصنوعات سمیت مختلف اشیا سستے داموں عالمی منڈیوں میں بھر رہا ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ چین کو یہ اقدامات پسند نہیں، لیکن ہم اس کے ساتھ استحکام چاہتے ہیں اور چین بھی ہمارے ساتھ استحکام کا خواہاں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات ’’واقعی بہت اچھی‘‘ رہی۔
بیجنگ نے اس سے قبل ایک بار پھر ’’تجارتی جنگوں‘‘ کی مخالفت کرتے ہوئے اضافی پیداواری صلاحیت کے امریکی مؤقف کو مسترد کر دیا تھا، تاہم اس نے جوابی کارروائی کی دھمکی نہیں دی۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا، ’’اضافی پیداواری صلاحیت کا نام نہاد معاملہ ایک بے بنیاد مسئلہ ہے اور چین اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے خلاف ہے۔‘‘ انہوں نے دنیا کی دو بڑی معیشتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلقات مستحکم رکھیں۔
سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے بنگلہ دیش، کمبوڈیا، یورپی یونین، بھارت، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام پر بھی محصولات عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔ فی الحال میکسیکو اور ناروے کو نئے محصولات کی فہرست سے خارج رکھا گیا ہے۔
نئے محصولات میں ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدوں کو مدنظر رکھا جائے گا اور انہیں بعض سابقہ ادوار میں عائد کیے گئے محصولات کے ساتھ جمع نہیں کیا جائے گا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت سے ممالک کے لیے امریکا کے ساتھ تجارت کی لاگت میں بہت زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔
اس کے باوجود نئے تجارتی محصولات عائد ہونے کے خدشات نے بدھ کے روز اسٹاک مارکیٹوں کو دباؤ میں رکھا، جبکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی قیادت میں جاری تیزی بھی دم توڑتی دکھائی دی۔ ایم ایس سی آئی کا عالمی حصص اشاریہ 0.5 فیصد گر گیا۔
آئی این جی کے تجزیہ کاروں نے ایک نوٹ میں لکھا، ’’یہ ایک اور یاد دہانی ہے کہ اگرچہ محصولات کے قانونی جواز کی بنیاد مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، لیکن امریکی تحفظِ تجارت کی پالیسی کو واپس لینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔‘‘
نئے محصولات طے شدہ حد سے زیادہ نہیں ہوں گے
ٹرمپ کے عائد کردہ محصولات کے باعث امریکا میں صارفین کی اشیا کی قیمتیں بڑھنے میں بھی مدد ملی ہے۔ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد رائٹرز اور اِپسوس کے ایک سروے میں 62 فیصد شرکا نے ان محصولات کی منسوخی کی کوششوں کی حمایت کی۔
تاہم ٹرمپ طویل عرصے سے یہ عندیہ دیتے آئے ہیں کہ وہ ان محصولات کو دوبارہ بحال کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں جنہیں امریکی سپریم کورٹ نے فروری میں کالعدم قرار دیا تھا۔ حالیہ محصولات آٹھ ماہ تک جاری رہنے والی سیکشن 301 کے تحت غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کی تحقیقات کے بعد تجویز کیے گئے ہیں۔
امریکی عہدیدار نے مزید کہا کہ نئے محصولات کی شرح ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ طے پانے والے کسی بھی تجارتی معاہدے میں مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اس میں چین کے لیے 20 فیصد کی حد بھی شامل ہے، جو ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران بیجنگ کے ساتھ ایک سال قبل طے پانے والی عارضی مفاہمت کے تحت مقرر کی گئی تھی۔ یہ مفاہمت 10 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔
عہدیدار کے مطابق، امریکا جن تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کی چینی درآمدات پر دوطرفہ طریقۂ کار کے تحت محصولات کم کرنے پر غور کر رہا ہے، ان پر بھی نئے محصولات لاگو نہیں ہوں گے۔
تاہم نئے محصولات، ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے دوران چین پر عائد کیے گئے محصولات کے علاوہ ہوں گے، جن کی مجموعی شرح تقریباً 25 فیصد بنتی ہے۔
اسی طرح مجوزہ محصولات ان 10 یا 12.5 فیصد ٹیرف کے علاوہ بھی عائد نہیں ہوں گے جو انتظامیہ نے جولائی میں 60 تجارتی شراکت داروں کے وسیع تر گروپ پر عائد کیے تھے۔ یہ محصولات جبری مشقت کے خلاف قوانین پر کمزور عمل درآمد کے الزامات کے تحت لگائے گئے تھے۔ مخصوص شرحوں کی تفصیلات بدھ کے روز امریکی فیڈرل رجسٹر میں نوٹس کے ذریعے شائع کی جائیں گی۔
عہدیدار نے کہا کہ محصولات کی شرحیں دیگر تجارتی شراکت داروں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں سے بھی مطابقت رکھیں گی۔ ان میں یورپی یونین، جاپان، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ طے پانے والی 15 فیصد کی حد، جبکہ ملائیشیا کے ساتھ طے پانے والی 19 فیصد کی حد شامل ہے۔
مجوزہ محصولات کے نفاذ سے قبل عوامی نوٹس جاری کیا جائے گا اور لوگوں کو اپنی آرا اور اعتراضات جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سماعت بھی مقرر کی گئی ہے۔ امریکی عہدیدار کے مطابق، اس عمل کے باعث محصولات کا نفاذ جنوری تک مؤخر ہو سکتا ہے۔






















Comments