سی ڈی ایف عاصم منیر کا دورۂ ملائیشیا، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
- پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں دفاعی و سیکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا
چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیر کے روز ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور وزیر دفاع محمد خالد نوردین سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کے دورے پر ہیں۔
پوتراجایا میں واقع پردانا پوترا میں وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں ملائیشیا کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سلامتی کے امور پر مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس سے قبل کوالالمپور میں ملائیشیا کی وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل تن سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور بری، بحری و فضائی افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔
ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد نوردین سے ملاقات میں دونوں جانب سے دفاعی تعاون کو وسعت دینے، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رواں سال اگست میں پاکستان اور ملائیشیا نے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے میں اضافے پر اتفاق کیا تھا۔ اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام، سائبر جرائم، کوسٹ گارڈز کی سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔
دونوں ممالک نے دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیادہ مؤثر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
























Comments