پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی
- پی سی بی چیئرمین نے پشاور میں ٹی 20 ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بھی اعلان کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کے روز کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا، آج نیوز نے رپورٹ کیا۔
پی ایس ایل کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے صوبے میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی پر خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی گورنر ان سے ملاقات کرتے تھے تو خیبر پختونخوا میں کرکٹ میچز کے انعقاد کا معاملہ ضرور اٹھاتے تھے۔ ملک کے وزیر داخلہ بھی رہنے والے محسن نقوی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پشاور میں پی ایس ایل اور دیگر میچز
پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد ہوگی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ تقریب کے ساتھ لیگ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں کھیلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی اس مقصد کے لیے سنجیدہ کوششیں کی گئی تھیں، تاہم اس وقت یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کرسکا تھا۔
محسن نقوی نے پشاور میں جنوری کے تیسرے ہفتے کے دوران پاکستان کی تین ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ان کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں قومی سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خیبر پختونخوا میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کھیل کی بحالی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کا عزم
محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور صوبے کے بڑی تعداد میں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کھیلوں کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور کرکٹ گراؤنڈز کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقوں کے باہمی تعاون سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے نئے راستے کھلیں گے۔
ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بحال کرنے کا اعلان
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے 160 ارب روپے کے پیکیج میں سے 60 ارب روپے کی مختص رقم کا 70 فیصد صوبے کے 12 اضلاع میں خرچ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کردیا تھا، تاہم اب اس کا اصل نام ’ارباب نیاز اسٹیڈیم‘ بحال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں قائم صوبائی حکومت نے فروری 2025 میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ رکھ دیا تھا۔























Comments